رشتے زندگی کو حقیقی زندگی دیتے ہیں یہ مدد کرتے ہیں، حمایت دیتے ہیں، اظہار محبت کرتے اور اس اظہار کی قوت محسوس کرتے ہیں۔محبت اور پیار کے الفاظ سنتے ہی،ہمارے ذہنوں میں عشق و محبت، لیلیٰ اور مجنوں اور کسی پنوں کے خیالات جنم لینے لگتے ہیں لیکن اگر غور کریں تومحبت کے اپنے تقاضے ہوتے ہیں جن میں سب سے اہم ہر لمحے تجدید عہد کا تقاضا ہے۔وقت گزرنے کے ساتھ محبت کے جذبے کی تجدید کے کیا طریقے ہیں۔آئیے ان پر بات کرتے ہیں۔
پرانے وقت کو دھرائیں
جب کسی رشتے کا آغاز ہوتا ہے تو اس میں خاص کشش موجود ہوتی ہے اور جذبات عروج پر ہوتے ہیں لیکن وقت گزرنے کے ساتھ یہ جذبات حالات کی دھند میں دبتے جاتے ہیں اور پھر ضروری ہوتا ہے کہ اس دھند کے پیچھے واقعات کو دہرایا جائے تاکہ رشتے میں تازگی پیدا کی جا سکے۔
ایک دوسرے کو سنیں اور سمجھیں
دلوں میں جتنی مرضی محبت ہو اگر اس کا اظہار نہیں ہو گا اور سننے کی عادت نہیں ہو گی تو رشتے کی چمک میں زنگ آنا شروع ہو جاتا ہے اور اس کے لیے ضروری ہے کہ بے شک وقت بہت گزر چکا ہو اور لگتا ہو کہ ہم تو ایک دوسرے کو جانتے ہی ہیں. ایک دوسرے کو سنا جائے اور سمجھنے کی کوشش کی جائے کیونکہ وقت کے ساتھ حالات بدلتے رہتے ہیں اور مسائل بھی۔
رومانویت کو اہمیت دیں
محبت کے جذبے کی تجدید کے لیے ضروری ہے کہ رشتے میں رومانویت کو ہر دور میں اہمیت دی جائے ۔رومانویت کے اظہار کے طریقے وقت گزرنے کے ساتھ بدل سکتے ہیں لیکن بہرحال اس کی اپنی اہمیت ہے ۔
شکر گزار بنیں
ایک دوسرے میں نقص نکالنے کے بجائے شکر گزار بنیں اور تعریف و توصیف کا رویہ اپنائے۔ہو سکتا ہے کہ آپکے شریک حیات میں کوئی ایک کمی ہو لیکن یہ بھی ہو سکتا ہے کہ اس میں کچھ ایسی باتیں ہوں جو کسی اور میں نہ ہوں۔
مشترکہ مشغلے اپنائیں
رشتے ناطے ہر انسان کی زندگی کا ایک اہم حصہ ہوتے ہیں۔ یہ ہمیں ایک دوسرے کی زندگی میں شامل ہونے کا موقع فراہم کرتے ہیں اور ہمیں ایک دوسرے کے ساتھ تجربات کا حصہ بنانے کا موقع دیتے ہیں۔مشترکہ مشغلے محبت بڑھانے اور اس کی تجدید کا موقع فراہم کرتے ہیں۔
ایک دوسرے کے حقوق کا خیال رکھیں
جب آپ رشتے کی اہمیت کو سمجھیں گے تو ایک دوسرے کے حقوق کا بھی خیال رکھیں گے ۔حقوق کا خیال رکھنا بھی رشتے کی مضبوطی کا مظہر ہے کیونکہ رشتے کی بنیاد ان پر ہی ہوتی ہے۔

عمّارہ خان ایم فل ماس کمیونیکیشن کی طالبہ ہیں اور تقریباْ بارہ سال سے لکھنے کے کام سے منسلک ہیں۔“دل کا رشتہ“ایپ پر بھی خاندان اور شادی سے جڑے موضوعات پر لکھتی ہیں۔