پاکستان کے مشہور اداکار اور ماڈل عمر شہزاد اور شانزے لودھی کی شادی کی تقریب کراچی میں دھوم دھام سے منعقد ہوئی، جس میں شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی کئی نامور شخصیات نے شرکت کی۔اس سے قبل فروری 2025ء میں دونوں کا نکاح مدینہ منورہ کی مقدس سر زمین پر مسجد نبویؐ میں انجام پایا تھا، سادہ اور روحانی تقریب میں قریبی رشتے داروں نے شرکت کی تھی۔
شادی کی تقریبات کا باقاعدہ آغاز کراچی میں منعقدہ دعائے خیر سے ہوا۔شانزے لودھی نے اس روحانی تقریب کے لیے خاص طور پر سلور گرے رنگ کا نفیس لباس زیب تن کیا، جو سلک اور آرگنزا کے خوبصورت امتزاج سے تیار کیا گیا تھا۔لباس پر کی گئی باریک دھاگے کی کڑھائی اور موتیوں کا کام نہایت نفاست اور خوبصورتی سے نمایاں ہو رہا تھا۔انہوں نے سادہ اور نفیس جیولری کے ساتھ اپنا لک مکمل کیا اور سافٹ میک اپ سے ان کی شخصیت میں مزید نکھار آیا، ان کا یہ انداز مداحوں کو بے حد پسند آیا اور سوشل میڈیا پر ان کی تصاویر وائرل ہو گئیں۔
View this post on Instagram
ہلدی کی تقریب بھی خوبصورت اور یادگار تھی۔شانزے نے گولڈ اور سبز رنگ کی جیولری اور روایتی گجروں کے ساتھ اپنی ہلدی کی لک مکمل کی، ان کا انداز خوشی، عاجزی اور سادگی کا حسین امتزاج پیش کر رہا تھا۔دلہا عمر شہزاد نے اس موقع پر ایش گرے رنگ کی شمرنگ شیروانی پہنی جو نہایت شاندار اور منفرد نظر آ رہی تھی، انہوں نے اس تقریب کو ایک یادگار انداز میں منایا، جہاں ان کے قریبی دوست، فیملی ممبرز اور عزیز و اقارب موجود تھے۔تقریب میں گلابی، پیلے اور سفید پھولوں کی سجاوٹ کی گئی تھی، دوستانہ ماحول میں ہونے والی یہ ہلدی کی تقریب نہایت پُرمسرت اور خوشیوں سے بھرپور رہی۔
View this post on Instagram
شادی کی تقریب میں دولہا دلہن نے خوبصورت روایت اور جدت کا حسین امتزاج پیش کیا۔شانزے لودھی نے سنہری گوٹا کناری اور سیکوئنز سے مزین دیدہ زیب دلہن لباس زیب تن کیا، ان کا عروسی جوڑا ہلکے سنہری رنگ کا تھا، جس پر نفیس کام کیا گیا تھا اور وہ نہایت باوقار اور خوبصورت دکھائی دے رہی تھیں۔دوسری جانب دولہا عمر شہزاد نے ہلکی آف وائٹ اور سنہری رنگ کی شیروانی زیب تن کی، جس کے ساتھ روایتی قلا پہنا، جو ان کی شخصیت کو مزید جاذبِ نظر بنا رہا تھا۔تقریب میں شوبز انڈسٹری کے معروف چہرے بھی شریک ہوئے، اداکار عدنان صدیقی، عمر عالم اور ارسلان خان تقریب کی رونق بنے۔
شادی کی تقریب کا ماحول خوش گوار اور محبت بھرا تھا جہاں ہر طرف خوشیوں اور دعاؤں کا سماں تھا۔تقریب کی خوبصورت تصاویر سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں اور مداح دونوں کو نئی زندگی کے آغاز پر نیک تمنائیں اور دعائیں دے رہے ہیںتصاویر میں دلہا دلہن خوش اور مطمئن نظر آئے۔سوشل میڈیا صارفین نے ان کی جوڑی کو خوبصورت اور جنت میں بنی جوڑی جیسے القابات سے نوازا گیا۔

عمّارہ خان ایم فل ماس کمیونیکیشن کی طالبہ ہیں اور تقریباْ بارہ سال سے لکھنے کے کام سے منسلک ہیں۔“دل کا رشتہ“ایپ پر بھی خاندان اور شادی سے جڑے موضوعات پر لکھتی ہیں۔