ماہرین نجوم کے مطابق کوئی بھی انسان جس مہینے یا تاریخ میں پیدا ہوتا ہے وہ اس کی پوری زندگی پر اثر انداز ہوتا ہے اسی طرح بارہ مہینوں میں پیدا ہونے والے افراد کو بارہ ستاروں میں بانٹا گیا ہے اور ان ستاروں کے تحت پیدا ہونے والے افراد کے ستارے ان کی شادی کے بارے میں الگ الگ طریقے سے بات کرتے ہیں ۔ امریکی ریاست کیلیفورنیا کی ماہر نجوم ریچل لینگ کا کہنا ہے کہ “میاں بیوی کے ستارے شادی کی طوالت میں انتہائی اہم کردار ادا کرتے ہیں چنانچہ بعض مخصوص مہینوں میں پیدا ہونے والے مردوخواتین کو ایک دوسرے سے شادی نہیں کرنی چاہیے ورنہ ان کی طلاق ہونے کا امکان بہت زیادہ ہو گا۔آئیے معلوم کرتے ہیں کہ آ پ کا ستارہ آپکی شادی کے بارے میں کیا کہتا ہے اور آپکی شادی شدہ زندگی کیسے خوشگوار گزر سکتی ہے۔
برج حمل
برج حمل ایک بہت مہم جو،پرجوش اور خود مختار مزاج کا ستارہ مانا جاتا ہے۔ان کے مزاج میں مقابلے بازی بہت ہوتی ہے تو اگر یہ اپنی اس جبلت کو قابو کر کے رہیں تو ان کی زندگی خوشیوں،اور ایسی پر لطف باتوں سے بھر پور ہو سکتی ہے جس سے ان کی زندگی بہت ہی رومانوی ہو سکتی ہے۔برج حمل کی برج سنبلہ اور برج میزان کے ساتھ مطابقت بہت مشکل ہے اس لیے بارہ میں سے ان دو ستاروں سے شادی کے بارے میں نہ ہی سوچیں تو بہتر ہے۔
برج ثور
یہ افراد اپنے رشتوں کو لے کر کافی حساس ہوتے ہیں، اور ان کی کوشش ہوتی ہے کہ زیادہ سے زیادہ رشتے قائم کریں، اگر ان کی پہلی شادی ان کی توقعات پر پورا نہیں اترتی تو وہ ایک ایسے ساتھی کو تلاش کرنے کا امکان رکھتے ہیں جو انہیں وہ تحفظ فراہم کر سکے جس کی انہیں خواہش ہے۔ماہرین نجوم برج ثور کو یہ بھی مشورہ دیتے ہیں کہ وہ برج عقرب سے رشتہ جوڑنے سے احتراز ہی کریں تو بہتر ہے۔
برج جوزا
برج جوزا اپنے رشتے میں بہت باتونی ہوتے ہیں،یہ لوگ ہر بات کو زیادہ سے زیادہ زیر بحث لاتے ہیں۔ان کے لیے مشورہ ہے کہ زیادہ باتوں میں پڑنے کے بجائے کچھ ایسا نیا کریں جو آپکے تعلق کو مضبوط کرے۔آپ کوکنگ کلاسز لے سکتے ہیں،سرفنگ یا سکائی ڈائیونگ سیکھ سکتے ہیں اور زیادہ سے زیادہ اچھا وقت گزاریں۔ستاروں کے حساب سے برج جوزا کے لیے مشورہ ہے کہ برج عقرب اور برج اسد شادی کے لیے ایک اچھی آپشن نہیں ہیں اس لیے شادی کرتے ہوئے اس بات کو ذہن میں رکھیں۔
برج سرطان
برج سرطان ایک گھر میں سکون محسوس کرنےوالا اور گھر میں خوشیاں ڈھونڈنے والا ستارہ ہے۔یہ لوگ اپنے ساتھی کی خوب نازبرداریاں کرتے ہیں اور ایک دوسرے کو پیارے پیارے ناموں سے پکارتے ہیں۔لیکن ان کے لیے مشورہ ہے کہ باہر بھی نکلیں اور اپنے دوستوں اور خاندان سے بھی بہتر تعلقات بنائیں۔برج سرطان کے لیے یہ بھی مشورہ ہے کہ تمام ستارے ان کے موافق ہیں سوائے برج قوس کے اس لیے برج قوس سے رشتہ نہ بنانے کا سوچیں تو بہتر ہے۔
برج اسد
برج اسد کے تحت پیدا ہونے والے لوگ بہت جذباتی اور کھل کر جذبات کا اظہار کرنے والے ہوتے ہیں۔یہ اپنی ایک رائے رکھتے ہیں اور اس کے اظہار میں ذرا جھجک محسوس نہیں کرتے۔ان کا تعلق رومانس سے بھرپور ہوتا ہے لیکن اس کے باوجود ان کے تحکمانہ انداز کی وجہ سے بعض اوقات مسائل کا سامنا ہو سکتا ہے اس لیے دونوں طرف سے تھوڑی احتیاط برتی جائے تو بہتر ہے۔مزید یہ کہ انھیں برج جوزا اور برج دلوسے تعلق بنانے میں محتاط رہنا چاہیے۔
برج سنبلہ
برج سنبلہ ایک بہت زیادہ زندگی میں ترتیب پسند کرنے والا ستارہ ہے اور یہ ترتیب اس کی زندگی میں بھی نظر آتی ہے۔یہ بہت خیال رکھنے والےلوگ ہوتے ہیں اور اپنے شریک حیات کی ہر خوشی میں برابر کے شریک ہوتے ہیں۔برج سنبلہ بہت اچھے ساتھی ہوتے ہیں سوائے برج حمل ،جوزا اور حوت کے۔
برج میزان
اس برج کے لوگ اپنے تعلقات میں ہم آہنگی اور توازن کو اہمیت دیتے ہیں، ان کی اگر پہلی شادی انہیں وہ توازن اور ہم آہنگی فراہم نہیں کرتی ہے جس کی وہ تلاش کرتے ہیں، تو ان کی دوسری شادی کا امکانات دیگر برجوں سے زیادہ ہوتے ہیں لیکن پھر بھی یہ ستارہ شادی کے لیے آئیڈیل مانا جاتا ہے۔تمام ستارے ان سے مطابقت رکھتے ہیں سوائے برج حمل کے اس لیے برج حمل سے رشتہ نہ بنائیں تو بہتر ہے۔
برج عقرب
برج عقرب ایک شدت پسند ستارہ ہے اور ازواجی تعلقات میں بھی یہ شدت پسند ہیں۔یہ اپنے تعلقات کے بارے میں بہت جذباتی ہوتے ہیں اس لیے ان کے ساتھ تعلقات میں بہت احتیاط برتنی پڑتی ہے۔یہ حاکمانہ نظریات بھی رکھتے ہیں اس لیے حسد جیسے جذبات بھی ان کے رشتے میں آ جاتے ہیں اس لیے ان کے لیے بہت ضروری ہے کہ کسی بھی مسئلے پر اپنے ساتھی سے بات کریں۔برج عقرب کے افراد کا شمار بھی ان میں ہوتا ہے جن کی دوسری شادی کے امکانات کافی روشن ہیں اس کے علاوہ ان کے لیے ثور اور جوزا کے ساتھ تعلق بنانا بھی بہتر نہیں ہے۔
برج قوس
برج قوس سے تعلق رکھنے والے افراد بہت تفریح پسند ،مہم جو اور بات کرنے والے ہوتے ہیں ۔یہ افراد اپنے رشتے میں آزادی کے خواہاں ہوتے ہیں، اسی لیے اگر انہیں کہیں بھی لگے کہ ان کی آزادی کو نقصان پہنچ رہا ہے تو یہ افراد دوسری شادی کا سوچتے ہیں۔برج سرطان اوربرج قوس سے ان کی بالکل بھی نہیں بنتی۔
برج جدی
برج جدی کے تحت پیدا ہونے والے افراد کی جوڑی بہت روایت پسند ہوتی ہے۔یہ لوگ زندگی کے ہر موقع پر روایات کو مد نظر رکھتے ہیں۔اس ستارے سے تعلق رکھنے والے مرد و خواتین کو یہ بات ذہن میں رکھنی چاہیے کہ ہمیشہ مستقبل کے بارے میں منصوبہ بندی کرنے کے بجائے آپکو کچھ حال کو بھی اہمیت دینی چاہیے۔
برج دلو
برج دلو سے تعلق رکھنے والے افراد غیر روائتی سوچ کے حامل ہوتے ہیں۔اس ستارے سے تعلق رکھنے والے افراد ایک دوسرے کے بہترین دوست ہوتے ہیں اور زندگی کو بھر پور طریقے سے گزارتے ہیں۔ان تمام باتوں کے باوجوددلو افراد کی بھی دوسری شادی ہوسکتی ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ ان کے ستارے میں وہ تمام چیزیں ہیں جن سے دیکھ کر پتا لگتا ہے کہ ان کی دوسری شادی کے امکانات ہیں۔برج دلو کی برج اسدسے نہیں بنتی اس لیے ان کو جوڑی بنانے سے پہلے بھی کئی دفعہ سوچنا چاہیے۔
برج حوت
برج حوت ایک بہت ہی رومانوی،تخلیقی اور شاندار تصورات رکھنے والا ستارہ ہے۔اگر اس ستارے سے تعلق رکھنے والوں کو رشتہ ازواج میں باندھ دیا جائے تو یہ ایک بہت با کمال جوڑی ہوتی ہے۔لیکن اس سب کے باوجود آپکو اپنے رشتےمیں احتیاط کی ضرورت ہے کیونکہ برج حوت کے تحت پیدا ہونے والے افراد اپنی تصوراتی دنیا میں بعض اوقات اتنا مگن ہو جاتے ہیں کہ ان کی نجی زندگی متاثر ہونے لگتی ہے۔
عمّارہ خان ایم فل ماس کمیونیکیشن کی طالبہ ہیں اور تقریباْ بارہ سال سے لکھنے کے کام سے منسلک ہیں۔“دل کا رشتہ“ایپ پر بھی خاندان اور شادی سے جڑے موضوعات پر لکھتی ہیں۔