شادی دو لوگوں کے درمیان مل کر زندگی گزارنے کا ایک معاہدہ ہوتا ہے جس میں رشتے کو کامیاب بنانے کے لیے دونوں افراد کو برابر کی کوشش کرنی پڑتی ہے۔عام طور پر لڑکی اپنا گھر چھوڑ کر لڑکے کے گھر میں رہنے کے لیے آتی ہے لیکن کچھ شادیوں میں لڑکے کو لڑکی کے گھر میں آ کر رہنا پڑتا ہے اور یہ بات دنیا کے تمام معاشروں میں تھوڑی ہٹ کر ہوتی ہے اور ایسی شادی میں لڑکے یا داماد کے لیے لفظ”گھر داماد” استعمال کیا جاتا ہے۔ یہ اصطلاح پورے برصغیر میں اسی مفہوم میں مختلف تلفظ و متراوف الفاظ میں استعمال کی جاتی ہے، ہندی میں گھر جمائی، اردو میں گھر داماد، پنجابی میں گھر جوائی ہندی کا جمائی اور پنجابی کا جوائی، اردو لفظ داماد کے مترادف الفاظ ہیں۔برصغیر میں، اصطلاح” گھر داماد” داماد کی رہائش کے لیے بولا جاتا ہے۔
سب سے اہم بات یہ ہے کہ گھر داماد کی اصطلاح کو اتنا غیر سنجیدہ کیوں لیا جاتا ہے جبکہ گھر داماد بننے کی بہت سی سنجیدہ اور اہم وجوہات بھی ہو سکتی ہیں۔گھر داماد یعنی لڑکے کے گھر میں لڑکے کے رہنے کی کئی وجوہات ہو سکتی ہیں۔یہ بھی ہو سکتا ہے کہ لڑکے کی اپنی فیملی نہ ہو اور اسی لیے وہ بھی لڑکی کے ساتھ اس کے گھر میں رہنے لگے تاکہ دونوں کو فیملی کا ماحول مل جائے۔دوسری وجہ یہ بھی ہو سکتی ہے کہ لڑکی کی مجبوری ہو اور وہ کچھ وجوہات جیسے ماں باپ کی اکلوتی اولاد ہونا یا گھر کے کچھ ایسے مسائل ہونا اور لڑکی کی غیر موجودگی میں ان مسائل کے بڑھ جانے کا اندیشہ ہونا جیسے مسائل کا سامنا ہو سکتا ہے۔آجکل کے وقت میں ایک اہم وجہ لڑکے کا کسی غیر ملک میں رہنے کی خواہش ہے اور اس خواہش کو پورا کرنے کے لیے جب کسی غیر ملکی لڑکی سے شادی ہو تو مجبوراً یا مرضی سے لڑکی فیملی کے ساتھ ہی رہنا پڑتا ہے اور اس طرح انٹرنیشنل “گھر داماد” کی ایک بڑی کھیپ دیکھنے کو ملتی ہے۔
جس طرح لڑکی کو اپنے سسرال میں رہتے ہوئے کئی باتوں کو ذہن میں رکھنا پڑتا ہے اسی طرح جب ایک لڑکا شادی کے بندھن میں بندھ کر لڑکی کے گھر میں رہے تو اسے بھی کئی باتوں کا خیال رکھنا پڑتا ہے جیسے فیملی کا خیال اپنی فیملی کی طرح رکھنا اور دوسروں کی پرائیویسی کو دھیان میں رکھتے ہوئے فیملی کے معاملات میں مثبت کردار ادا کرنا۔گھر میں ایسا ماحول قائم رکھنا جس میں گھر والے نئے ممبر آف فیملی کی موجودگی کو زحمت کے بجائے رحمت سمجھیں اور اسے بھی وہ ہی عزت اور پیار دیں جو اس کی بیوی کو دی جاتی ہے۔
عمّارہ خان ایم فل ماس کمیونیکیشن کی طالبہ ہیں اور تقریباْ بارہ سال سے لکھنے کے کام سے منسلک ہیں۔“دل کا رشتہ“ایپ پر بھی خاندان اور شادی سے جڑے موضوعات پر لکھتی ہیں۔