نئے سال کی آمد سے قبل ہم میں سے بیشتر بہت سے ارادے باندھتے ہیں۔ کچھ کاموں کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کا عزم کرتے ہیں۔ اپنی نوکری ، کاروبار، تعلیم، شادی،سفر، وغیرہ کے حوالے سے کچھ اہداف مقرر کرتے ہیں۔ نئے سال سے خوش امیدی کا تصور جڑا ہوتا ہے۔ ایک نئی توانائی کے ساتھ ہم نئے سال میں کام کرکے اپنے مقاصد حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ نئے سال کے لئے نئے نئے ارادے باندھنے کے ساتھ عمومی طور پر ہم گزرے سال کا جائزہ بھی لیتے ہیں۔ اپنا احتساب کرتے ہیں۔ اپنی ناکامیوں پر نگاہ ڈالتے ہیں۔ اپنی کمی اور کوتاہیوں کو تسلیم کرتے اور آئندہ ان سے بچنے کا عزم کرتے ہیں۔ہماری زندگی میں ہمارے تعلقات کی بھی بہت اہمیت ہے خاص طور پر ہمارے شریک حیات کے ساتھ قائم تعلقات جتنے زیادہ بہتر ہوں گے اتنی ہی ہماری زندگی بھی بہتر ہو گی۔آئیے ایک نظر ادھر بھی ڈالیں کہ ہم اپنے شریک حیات سے تعلقات کس طرح بہتر بنا سکتے ہیں۔
تحائف کا تبادلہ
تعلقات بہتر بنانے میں تحائف کی بہت اہمیت ہے۔ایک دوسرے کی سالگرہ اور شادی یا نکاح کی تاریخیں یاد رکھیں اور ان مواقع کو ایک بہترین تحفے کے ذریعے یاد گار بنائیں۔
معیاری وقت کی اہمیت
بھاگتی دوڑتی زندگی میں ایک دوسرے کے لیے وقت نکالنا نہ بھولیں اور کوشش کریں کہ اس وقت کو معیاری بنایا جائے بے شک وہ ایک گھنٹہ ہی کیوں نہ ہو ۔ساتھ بیٹھیں اور ایک دوسرے کی بات کو سمجھیں اس طرح مسائل بھی حل ہوں گے اور روابط بھی بہتر ہوں گے۔
مشکل وقت میں ساتھ دیں
خوشی میں تو ہر کوئی ساتھ دیتا ہے، تعلقات تب مضبوط ہوتے ہیں جب آپ اپنے ساتھی کی تکلیف میں اس کے ساتھ کھڑے ہوں اوراس کی تکلیف اور دکھ کو اپنی تکلیف اور دکھ سمجھیں اور یہ ہی اچھے تعلق کی بنیاد ہوتی ہے۔
مشترکہ اہداف
مشترکہ اہداف ہوں اور دو لوگ اس کے لیے مشترکہ کوشش کر رہے ہوں تو نہ صرف اہداف حاصل کرنے میں آسانی ہوتی ہے بلکہ تعلقات بھی بہتر ہوتے ہیں ۔اس کے بر عکس اگر متوازی سمت میں کوشش کارفرما ہوں گی تو اہداف کو حاصل کرنا مشکل ہو جائے گا اور تعلقات ابتری کی طرف بھی جائیں گے۔
مووی ٹائم
پورے ہفتے کی تھکا دینے والی روٹین میں ساتھ گزارا گیا وقت تازہ دم کر دیتا ہے اور ایسا وقت دستیاب ہوتا ہے جو روٹین سے ہٹ کر سوچنے پر مجبور کر دیتا ہے اس لیے اس وقت کا فائدہ اٹھائیں اور ایسی موویز کا انتخاب کریں جو آپکے تعلقات کے مسائل کو سمجھنے اور حل کرنے میں بھی مددگار ہوں۔
عمّارہ خان ایم فل ماس کمیونیکیشن کی طالبہ ہیں اور تقریباْ بارہ سال سے لکھنے کے کام سے منسلک ہیں۔“دل کا رشتہ“ایپ پر بھی خاندان اور شادی سے جڑے موضوعات پر لکھتی ہیں۔