رمضان شروع ہوتے ہی عید کی تیاریاں شروع ہو جاتی ہیں اور بازاروں میں رش لگ جاتا ہے۔اس رش میں خریداری کے لیے خواتین زیادہ نظر آتی ہیں۔دراصل رمضان کا پہلا عشرہ ختم ہوتے ہی خواتین کو عید کی خریداری کی فکر ستانے لگتی ہے۔حقیقت تو یہ ہے کہ عید کی تیاریاں ہوں اور خواتین کی شاپنگ نہ ہو، یہ کیسے ہوسکتا ہے، یہی وجہ ہے کہ عید قریب آتے ہی خواتین شاپنگ کی مہم پر نکل کھڑی ہوتی ہیں اور یہ سلسلہ چاند رات تک جاری رہتا ہے۔ عید کے دن نزدیک آتے ہی ہر گھر میں افراتفری کا ماحول نظر آتا ہے۔ عید کی شاپنگ اپنے عروج پر ہوتی ہے۔عید کا تہوار ایک ایسا تہوار ہے جہاں سب عزیز و اقارب، ہمسائے، رشتہ داروں اور سہیلیوں کے ساتھ ملاقاتیں بھی ہونا ہوتی ہیں تو ان سب تقریبات میں منفرد اور خوبصورت نظر آنا بھی ضروری ہے۔ عید کے موقع پر خواتین کیلئے عید کے جوڑے بنانے کے علاوہ بھی دیگر لوازمات بہت ضروری ہوتے ہیں جن میں سے مندرجہ ذیل یہ ہیں، لیکن سب سے پہلے عید کے لباس کی بات ہو جائے کہ اس عید پر کیا ٹرینڈنگ میں ہے۔
روایتی لباس
ماہرین اور سوشل میڈیا ٹرینڈز کے مطابق عید 2025 میں روایتی لباس کا رجحان دیکھنے میں آئے گا اور کچھ پرانے فیشن بھی لوٹ کر آئیں گے۔ ویسے بھی پاکستانی فیشن میں روایتی لباس کی اہمیت کبھی کم نہیں ہوئی اور عید تو نام ہی روایت کا ہے جس کی اہمیت کبھی ختم نہیں ہوئی۔
‘
سادگی اور کم سے کم فیشن
عید2025 میں فیشن کے رجحانات میں سادگی دیکھی جائے گی۔ یعنی بھاری بھرکم کڑھائی اور چمک دمک والے لباس فیشن سے باہر ہو جائیں گے۔ جبکہ سادہ، منفرد اور آرام دہ کپڑے زیادہ مقبول ہوں گے۔ ہلکا اور آرام دہ فیشن کا رجحان دنیا بھر میں زور پکڑ رہا ہے اور پاکستانی فیشن میں بھی عالمی ٹرینڈز کی جھلک نظر آتی ہے۔ پاکستانی خواتین ایسے لباس کا انتخاب کریں گی جو نہ صرف آرام دہ ہوں بلکہ ان میں کچھ نیا اور منفرد اسٹائل بھی ہو۔
گولڈ اور وائبرنٹ کلرز کا امتزاج
رنگوں میں بھی عید 2025 میں تبدیلی دیکھنے کو ملے گی۔ کپڑوں میں گولڈ ٹونز اور وائبرنٹ کلرز کا امتزاج دیکھنے میں آئےگا۔ مدھم رنگوں کو گہرے رنگوں کے ساتھ جوڑا جائےگا، جس سے فیشن میں ایک نیا اور جاندار رنگ نظر آئےگا۔ براؤن، موکا براؤن، کافی براؤن یعنی براؤن کی فیملی سے تعلق رکھنے والے رنگ کافی زیادہ ٹرینڈنگ میں رہیں گے۔
میٹیلک جیولری کا رجحان
اس عید پر پاکستانی فیشن میں میٹیلک جیولری کا فیشن بھی بڑھنے کی توقع ہے۔ سونے، چاندی اور دھاتی رنگوں کے زیورات نئے اور جدید ڈیزائنز کے ساتھ مقبول ہوں گے۔ یہ جیولری خواتین کے لباس کو منفرد اور جاذب نظر بنائے گی۔
ہئیر اسٹائل
اس عید پر سٹریٹ ہیئرز، میسی بنز زیادہ فیشن میں رہیں گے۔ اس کے علاوہ لمبے بال ہمیشہ ہر فیشن میں رہتے ہیں۔عید کے موقع پرچھوٹے اور لمبے بالوں میں لئیرز، اسٹریٹ کٹ دونوں ٹرینڈ میں رہیں گے۔

عمّارہ خان ایم فل ماس کمیونیکیشن کی طالبہ ہیں اور تقریباْ بارہ سال سے لکھنے کے کام سے منسلک ہیں۔“دل کا رشتہ“ایپ پر بھی خاندان اور شادی سے جڑے موضوعات پر لکھتی ہیں۔