عید ہمارے لئے خوشیوں اور مسرتوں کا تہوار ہے جو رمضان المبارک کے بعد انعام کے طور پر ہمارے لئے آتا ہے۔ یہ صرف عبادات اور قربانی کی قبولیت کا دن ہی نہیں ہوتا ہے بلکہ محبت، مہمان نوازی اور خوبصورت یادوں کا مظہر بھی ہے۔ عید کی تیاریوں میں سب سے اہم کردار خواتین ادا کرتی ہیں کیونکہ وہی گھر، بچوں، مہمانوں اور دیگر تمام انتظامات کو سنبھالتی ہیں۔ اس بلاگ میں ہم خواتین کے لئے عید کی تیاریوں کے کچھ پہلوؤں پر روشنی ڈالیں گے کہ خواتین کس طرح خوش اسلوبی سے اس دن کو یادگار بنا سکتی ہیں۔
مالی منصوبہ بندی
عید کی تیاریوں کا پہلا اور سب سے اہم مرحلہ بجٹ کی ترتیب ہے۔ اگر مالی معاملات کو مناسب طریقے سے منظم نہ کیا جائے تو عید کے بعد پریشانی ہوسکتی ہے۔ خواتین کے لئے ضروری ہے کہ وہ پہلے سے ایک فہرست تیار کریں جس میں ضروری اخراجات (کپڑے، کھانے، تحائف، صدقہ الفطر وغیرہ) شامل ہوں۔ غیر ضروری اشیاء پر خرچ کرنے کے بجائے اپنی ترجیحات طے کریں۔ خریداری کے دوران سیلز اور ڈسکاؤنٹس سے فائدہ اٹھائیں۔ ضرورت مندوں کی مدد کے لئے بھی بجٹ مختص کریں تاکہ عید کی خوشیوں میں سبھی شامل ہو سکیں۔
کپڑوں اور زیبائش کی تیاری
عید پر خواتین کے لئے خوبصورت اور دلکش نظر آنا ضروری سمجھا جاتا ہے۔ اس کے لئے پہلے سے اپنے اور بچوں کے کپڑے منتخب کر لیں تاکہ آخری لمحے کی پریشانی سے بچا جا سکے۔ اگر ممکن ہو تو پہلے سے درزی کو کپڑے سلوانے دے دیں تاکہ آخری وقت کی ہربڑی سے بچا جاسکے۔ میچنگ جیولری، جوتے، بیگز اور دیگر لوازمات بھی وقت پر خرید لیں۔ چاند رات کو مہندی لگانے کا خاص اہتمام کریں کیونکہ یہ خواتین کی تیاری کا لازمی جزو ہے۔
گھر کی صفائی اور سجاوٹ
عید کی آمد سے پہلے گھروں کی صفائی اور تزئین و آرائش کا رجحان عام ہے۔ خواتین درج ذیل اقدامات سے گھر کو بہتر بنا سکتی ہیں۔ مکمل صفائی کے ساتھ پردے، قالین اور فرنیچر کو دھو لیں یا تبدیل کریں۔ پھولوں، لائٹس اور دیگر سجاوٹی اشیاء سے گھر کو عید کے لئے خاص بنائیں۔ مہمانوں کے لئے ایک خوبصورت بیٹھک تیار کریں تاکہ وہ خوشگوار ماحول میں وقت گزار سکیں۔ بچوں کو بھی گھر سجانے میں شامل کریں تاکہ وہ اس عمل میں دلچسپی لیں۔
مہمان نوازی اور پکوان
عید کے دن مہمانوں کی آمدورفت عام ہوتی ہے اسلئے خواتین کیلئے ضروری ہے کہ وہ مہمان نوازی کو منظم انداز میں سنبھالیں۔ روایتی پکوان جیسے شیر خورمہ، سویاں، بریانی اور دیگر لذیذ کھانے تیار کریں۔ وقت کی بچت کیلئے کچھ کھانے پہلے سے تیار کر کے فریج میں محفوظ رکھیں۔ اگر مہمان زیادہ ہوں تو مہمان نوازی کو آسان بنانے کے لئے کھانے کو خود سرو کرنے کے بجائے بوفے اسٹائل میں رکھیں۔ کام کو تقسیم کریں تاکہ آپ بھی عید کی خوشیوں میں بھرپور حصہ لے سکیں۔
بچوں کے ساتھ عید منانا
عید بچوں کے لئے سب سے زیادہ خوشی کا دن ہوتا ہے اس لئے خواتین کو چاہئے کہ وہ بچوں کے لئے خصوصی تحائف اور عیدی کا انتظام کریں۔ بچے تحائف اور عیدی کے لئے بے حد متجسس ہوتے ہیں۔ اس عمل سے انہیں بے پناہ خوشی حاصل ہوگی۔ ان کے ساتھ وقت گزاریں، ان کے کھیلوں میں شامل ہوں اور ان کی خوشیوں میں شریک ہوں۔ عید خوشیوں اور محبتوں کا تہوار ہے، اسے خوش اسلوبی سے منائیں اور دوسروں کی زندگی میں بھی خوشیاں بکھیرنے کی کوشش کریں۔

عمّارہ خان ایم فل ماس کمیونیکیشن کی طالبہ ہیں اور تقریباْ بارہ سال سے لکھنے کے کام سے منسلک ہیں۔“دل کا رشتہ“ایپ پر بھی خاندان اور شادی سے جڑے موضوعات پر لکھتی ہیں۔