شادی ایک ایسا بندھن ہے جسے ہم اپنی مرضی سے بنا بھی سکتے ہیں اور غلطیوں سے اسے ختم بھی کر سکتے ہیں۔ہم روز مرہ زندگی میں دیکھتے ہیں کہ لوگ اپنے غلط رویوں سے اپنی شادی کے سکون کو بر باد کر دیتے ہیں۔شادی کا رشتہ انھیں خوشی دینے کے بجائے ان کی خوشی بر باد کر نے کا باعث بن رہا ہوتا ہے۔ایسا کیوں ہوتا ہے اور وہ کون سی غلطیاں ہیں جو لوگ اپنی شادی نبھاتے ہوئے کر رہے ہوتے ہیں ہم آج ان کے بارے میں ہی بات کریں گے۔
خود غرض رویہ
شادی دو لوگوں کے بیچ ایک معاہدہ ہوتا ہے جسے ان دونوں کو زندگی بھر نبھانا ہوتا ہے اور اگر ایک فرد بھی خود غرضانہ رویہ اپناتا ہے تو زندگی گزارنا مشکل ہو جائے گا۔شادی کامیاب بنانے کے لیے بہت ضروری ہے کہ بےغرض رویہ اپنایا جائے اور اگر میاں بیوی میں سے کوئی ایک بھی خودغرض رویہ اپنائے گا تو ایک جگہ رہنا مشکل ہو جائے گا اور پھر”ہیپی فیملی” والی کوئی بات نہیں رہتی اورشادی میں خوشی نہیں تو ایسی شادی دیر تک نہیں رہ سکتی اس لیے اس بات کو ذہن میں رکھنا بہت ضروری ہے کہ جو کریں اس میں سب کی بھلائی کا خیال رکھا جائے۔
مستقبل کی منصوبہ بندی
جب دو لوگ شادی کرتے ہیں اور اپنی فیملی بنانے کا سوچتے ہیں تو اس سب کے لیے منصوبہ بندی کی ضرورت ہوتی ہے کیونکہ پلان بنائے بغیر آپ اپنی فیملی کے معاملات اچھی طرح نہیں چلاسکتے اس لیے بہت ضروری ہے کہ آپ مستقبل کے بارے میں سوچیں اور اس کی بہتر انداز میں منصوبہ بندی کریں اور اگر ایسا نہیں کرتے تو آپ بہت بری غلطی کر رہے ہیں۔
اپنا خیال نہیں رکھنا
بعض لوگ شادی کے بعد اپنا خیال رکھنا چھوڑ دیتے ہیں جبکہ یہ رویہ ایک خوشگوارشادی کے لیے بالکل ٹھیک نہیں،یہ ہی وجہ ہے کہ اکثر میاں بیوی یہ بات کرتے ہوئے نظر آتے ہیں کہ “تم اب اتنی خوبصورت نہیں رہی”یا”آپ اب اس طرح ہینڈسم نہیں رہے”شادی کے بعد بھی اپنا خیال رکھنا ضروری ہوتا ہے تاکہ ایک دوسرے کے لیے کشش کا باعث ہوں اور زندگی یکسانیت کا شکارنہ ہو۔
باہمی مشورے کے بغیر کام کرنا
شادی کے بندھن میں میاں بیوی کی حیثیت گاڑی کے دو پہیوں کی ہوتی ہے اور جب یہ دونوں مل کرکام کرتے ہیں تو تب ہی گاڑی چلتی ہے اس لیے ہر بات میں ایک دوسرے سے مشورہ کرنا ضروری ہے تاکہ معاملات کو بہتر طریقے سے چلایا جا سکے ورنہ ہر وقت کے جھگڑے اور بحث زندگی کا سکون ختم کر دیتے ہیں اور پیدا ہونے والی غلط فہمیاں شادی کے بنھن کو چلنے نہیں دیتیں۔
غلطی پر شرمندہ نہ ہونا
زندگی میں سب سے غلطیاں ہوتی ہیں اور سب سے اہم بات یہ ہے کہ اپنی غلطیوں سے سیکھیں اور ان کو مان کر آئندہ ان سے بچنے کا ارادہ رکھیں لیکن جب آپ اپنی غلطی مانتے اور ہمیشہ یہ ہی کہتے ہیں کہ میں تو غلطی کر ہی نہیں سکتا تو پھر آپ کے رشتے میں دراڑ پڑ سکتی ہے اور دوسرے لوگ آپکو برداشت کرتے رہتے ہیں اور برداشت کرنے کی بھی ایک حد ہوتی ہے جس کا نتیجہ شادی کا اختتام ہی ہو سکتا ہے۔
دوسروں سے موازنہ کرنا
شادی کا رشتہ جہاں بہت اہم ہے وہیں نازک بھی ہے اور اس رشتے میں جب آپ ایک دوسرے کا موازنہ شروع کر دیں گے تو اس رشتے میں محبت اور پیار نام کی کوئی چیز نہیں رہے گی کیونکہ پھر آپ ایک دوسرے کونیچا دیکھانے کی کوشش کریں گے جس کا نتیجہ صرف علیحدگی ہے کیونکہ اچھے جذبات کے بغیر آپ کسی تعلق کو نہیں نبھا سکتے۔
عمّارہ خان ایم فل ماس کمیونیکیشن کی طالبہ ہیں اور تقریباْ بارہ سال سے لکھنے کے کام سے منسلک ہیں۔“دل کا رشتہ“ایپ پر بھی خاندان اور شادی سے جڑے موضوعات پر لکھتی ہیں۔