لاہور ایک تاریخی شہر ہے،اپنی تاریخی اہمیت اور ثقافتی رنگوں کے ساتھ لاہور شہر ہر لحاظ سے ایک لاجواب شہر ہے۔لاہور کے شہری اپنی زندگی کا ہر تہوار اور خوشی کا ہر موقع بہت جوش و خروش سے مناتے ہیں پھر اگر شادی کا موقع ہو تو لاہوری کیسے پیچھے رہ سکتے ہیں۔شادی کی تیاری مہینوں پہلے شروع ہو جاتی ہے،چیزوں کی لسٹ بنا لی جاتی ہے اور گھر کی خواتین روز شاپنگ کی مہم پر نکلی ہوتی ہیں۔اس بلاگ پوسٹ میں ہم لاہور کے ان بازاروں کا ذکر کریں گے جہاں سے نہ صرف لاہوری بلکہ پورے پاکستان سے لوگ آ کر شاپنگ کرنا پسند کرتے ہیں۔آئیے پھر آپ کو آج لاہور کے بازاروں کے بارے میں بتاتے ہیں۔
انار کلی بازار
انار کلی بازار نہ صرف لاہور کا بلکہ جنوبی ایشیا کا قدیم بازار ہے جو دو سو سال سے زیادہ پرانا ہے۔یہ لاہور کی مال رود پر واقع ہے،اس کا نام مغلیہ عہد کے مشہور کردار انار کلی کے نام پر رکھا گیا ہے۔ایک پرانا انارکلی بازار ہے جبکہ ایک نیا بازار بھی ہے جسے نئی انار کلی کہا جاتا ہے۔مال روڈ کے دونوں کناروں پہ پھیلا نیا اور پرانا انار کلی بازار اندرون اور بیرون ملک سے آنے والوں کی دلچسپی کا مرکز رہتا ہے۔یہاں پوری دنیا خاص طور پر پنجابی کلچر کے دلدادہ خریداری کرنے ضرور آتے ہیں۔یہاں شادی کی تیاریوں سے متعلق ہر شے بڑے مناسب ریٹ پر ملتی ہیں اور سب سے بڑی بات یہ ہے کہ یہ ایک بڑا بازار ہے اور یہاں شادی سے متعلق تمام شاپنگ کی بہت اچھی ورائٹی مل جاتی ہے۔مین بازار میں مرد حضرات کی شاپنگ جوتے،شرٹس،جینز جبکہ نئے بازار سے خواتین اور بچیوں کے لیے کپڑے،دوپٹے،سکارف،پرس،جوتے،چوڑیاں جیولری اور خاص طور پر دولہا اور دلہن کے کپڑے، سب بہت اچھی کوالٹی کے مل جاتے ہیں۔
اچھرہ بازار
اچھرہ بازار لاہور کا ایک رہائشی اور تجارتی مرکز ہے،یہ لاہور کا ایک بڑا بازار ہے اوروسط میں ہونے کی وجہ سے تقریباً پورے لاہور کے شہریوں کی شاپنگ خاص طور پر شادی کی شاپنگ کے لیے پسندیدہ مرکز ہے۔اچھرہ کی اہم عمارات میں بھنڈارہ سنٹر،اچھرہ شاپنگ سینٹر اور لطیف پلازہ ہیں اور یہ بازار خواتین اور بچوں کی اشیاء کے لیے مشہور ہے۔یہاں ہر قسم کی اشیاء جیسے کپڑے،جوتے،پرس،جیولری وغیرہ بہت اچھے ریٹ اور کوالٹی میں ملتی ہیں تو اگر آپ لاہور سے شادی کی شاپنگ کرنا چاہیں تو اچھرہ بازار ایک بہترین انتخاب ہے۔
اندرون لاہور
لاہور کی ثقافت اور اصل لاہور جس نے دیکھنا ہو وہ صرف اندرون لاہور کا رخ کرتا ہے۔لاہور ایک ایسا شہر ہے جس کے چاروں طرف ایک دیوار تعمیر کی گئی تھی اور اس دیوار کے اندر لاہور کا اصل چہرہ آپکو نظر آئے گا۔اندرون شہر لاہور ایک خاص ترتیب پر بنا ہے اس کے بارہ دروازوں میں سے ہر دروازہ اپنی انفرادیت رکھتا ہے اور مخصوص اشیاء کے لیے مشہور ہے۔یہاں آپ کپڑوں،جوتوں،پرس،سونے کے زیورات،برتن،بیڈ شیٹس،رضائیاں،پراندے،پھولوں کے زیورات،مہندی کی سجاوٹ کا سامان،رسموں سے متعلق سامان اور شادی میں دینے والا ہر قسم کے سامان کی خریداری کر سکتے ہیں۔سب سے اچھی بات یہ ہے کہ ثقافتی اشیاء یہاں ہر قسم کی مل جاتی ہیں اور وہ بھی انتہائی مناسب قیمت پر اسی لیے پورے پاکستان اور پنجاب سے لوگ یہاں خریداری کرنے آتے ہیں۔
شاہ عالمی بازار
شاہ عالمی بازار کا ہم یہاں خاص طور پر ذکر کرنا چاہیں گے کیونکہ یہ بازار لاہور کے بارہ دروازوں میں سے ایک دروازے کے نام پر ہے۔یہ ایک بہت بڑا بازار ہے جہاں دنیا کی ہر شے ہول سیل ریٹ پر مل جاتی ہے۔یہ ایک مشہور بازار ہے اورپورے پاکستان سے لوگ یہاں خریداری کے لیے آتے ہیں اور بات ہو جب شادی کی خریداری کی تو یہ بازار آپ کے لیے بہت آسانی پیدا کر دیتا ہے کیونکہ آپ چاہیں تو پوری شادی کی خریداری یہاں سے کر سکتے ہیں۔
باغبانپورہ بازار
یہ بازار بھی شادی کی شاپنگ کے لیے بہت مناسب سمجھا جاتا ہے جب آ پ کو ہزاروں چیزیں خریدنی ہوتی ہیں اور بجٹ بھی زیادہ نہیں ہوتا تو خواتین اس بازار کا رخ کرتی ہیں جہاں انھیں بہت زیادہ ورائٹی مل جاتی ہے اور ریٹ بہت مناسب ہوتے ہیں تو آپ نے جب شادی کی شاپنگ کرنی ہو تو باغبانپورہ بازار آپ کے لیے ایک اچھا انتخاب ہے۔
لاہور کی ترقی کے ساتھ یہاں شاپنگ کے لیے نئے سے نئے مراکز کھلتے رہے ہیں جیسے مین مارکیٹ گلبرگ،لبرٹی مارکیٹ ڈیفینس بلیورڈ وغیرہ اس کے علاوہ کئی شاپنگ مالز جیسے مال آف لاہور،ایمپوریم مال،ووگ ٹاورز،پیکجز مال،امانہ مال،گلبرگ گیلیریا،فو ٹریس اسکوائر مال وغیرہ اس کے علاوہ اب برینڈز کا دور ہے اور لوگوں کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ اپنی شادی کی خاص طور پر کپڑوں،جوتوں،پرس اور جیولری وغیرہ کی شاپنگ وہاں سے ہی کریں لیکن لاہور کے پرانے بازاروں کی اہمیت ابھی تک ہے اورپوری دنیا میں وہ اپنے ثقافتی اور تہذیبی رنگ کے لیے مشہور ہیں۔
عمّارہ خان ایم فل ماس کمیونیکیشن کی طالبہ ہیں اور تقریباْ بارہ سال سے لکھنے کے کام سے منسلک ہیں۔“دل کا رشتہ“ایپ پر بھی خاندان اور شادی سے جڑے موضوعات پر لکھتی ہیں۔