عید کا ذہن میں آتے ہی ہر کسی کے ذہن میں عید پر پکائے جانے والے کھانوں کا خیال آتا ہے۔یہ پکوان خاص طور پر عید پر ہی پکائے جاتے ہیں اور عید کا مزا دوبالا کرتے ہیں ۔پوری دنیا کے مسلمان اپنی ثقافت اور جغرافیائی حالات کے مطابق عید پر مختلف پکوان بناتے ہیں۔اس بلاگ پوسٹ میں ہم ان پکوانوں کے بارے میں ہی جانیں گے۔
لاپیس لیگیٹ
انڈونیشیا کی یہ ایک انتہائی لذیذ اور ایک ہزار لیئرز پر مشتمل کیک ہے، جسے رمضان کے اختتام پر عید کے موقع پر تیار کیا جاتا ہے، یہ پکوان انڈونیشیاءکے ساتھ ساتھ نیدرلیند میں بھی تاحال مقبول ہے، اس کی ہر لیئر کو مکھن سے تیار کیا جاتا ہے جبکہ دیگر متعدد اجزاءکا بھی استعمال ہوتا ہے۔
بولانی
عید الفطر کا تہوار افغانستان میں بھی بھرپور جوش وخروش سے منایا جاتا ہے، خصوصاً بچے اس حوالے سے زیادہ پرجوش ہوتے ہیں، اس موقع پر جو پکوان زیادہ تر پکائے جاتے ہیں، ان میں سے ایک بولانی بھی ہے، یعنی ایسی روٹی جو یا تو سبز پتوں والی سبزیوں، جیسے پالک یا آلو اور کدو یا دال سے بھری جاتی ہے۔ یہ عید کے موقع پر محدود تیکھے پکوانوں میں سے ایک قرار دی جاسکتی ہے۔
بٹر کوکیز
فلسطین سمیت دیگر ممالک میں اس پکوان کو عید کے موقع پر بہت زیادہ پسند کیا جاتا ہے۔ اس کے بنانے کی ترکیب میں بادام یا کسی اور گری کا استعمال کیا جاتا ہے، جبکہ شام اور لبنان میں اس میں عام طور پر اخروٹ یا کھجور کو شامل کیا جاتا ہے۔
بریانی
اس پکوان کو عید پر چکن سے لے کر بیف یا مٹن سب میں تیار کیا جاتا ہے۔ رائتے، سلاد اور اچار وغیرہ کے ساتھ پیش کیا جانے والا یہ پکوان پاکستان اور بھارت کے ہر موقع پر ضرور تیار ہوتا ہے۔
رینڈانگ
ملائیشیاءمیں عید الفطر کے موقع پر کئی روایتی پکوان تیار کیے جاتے ہیں، جن میں سب سے نمایاں یہ مصالحہ دار ناریل کا سالن یا رینڈانگ ہے، اس میں گائے کا گوشت زیادہ شوق سے ڈالا جاتا ہے، اس پکوان کو انڈونیشیاءمیں بھی پسند کیا جاتا ہے، جبکہ جہاں جہاں ملائے افراد مقیم ہیں، جیسے سنگاپور، برونائی، فلپائن وغیرہ میں بھی یہ بہت مقبول ہے۔
یو شیانگ
چین میں رہنے والے مسلمان عید کے موقع پر اکثر اپنے بزرگوں کے گھر جاتے ہیں اور گھر واپسی سے قبل اس پکوان کو کھاتے ہیں، اسے عام طور پر سوپ یا چاول کے ساتھ پیش کیا جاتا ہے، یہ ایک سادہ اور آٹے سے بنا ہوا پکوان ہے جس کی تیاری اور استعمال کے حوالے سے کئی روایات بھی جڑی ہوئی ہیں۔
منتی
روس میں بھی عید الفطر کے موقع پر مزیدار پکوان تیار کیے جاتے ہیں، خاص طور پر یہ پکوان جسے بہت ذوق و شوق سے کھایا جاتا ہے۔ اس میں گائے یا بھیڑ کے گوشت کے پارچوں کو بھرا جاتا ہے اور کھٹاس ہوتی ہے، تاہم اس کو پکانے کی ترکیب ہر خطے میں مختلف ہوسکتی ہے اور آپ کو کبھی بھی کسی جگہ اس پکوان کا ذائقہ ایک جیسا نہیں لگے گا۔
عمّارہ خان ایم فل ماس کمیونیکیشن کی طالبہ ہیں اور تقریباْ بارہ سال سے لکھنے کے کام سے منسلک ہیں۔“دل کا رشتہ“ایپ پر بھی خاندان اور شادی سے جڑے موضوعات پر لکھتی ہیں۔