معروف اداکارہ اور ہدایت کارہ سنگیتا کی چھوٹی بہن اداکارہ حنا رضوی نے سوشل میڈیا پر مقبول انفلوئنسر عمار احمد خان سے شادی کر لی۔جوڑے کی شادی کی تقریب سے مختلف ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہیں۔وائرل تصاویر اور ویڈیوز میں نوبیاہتا جوڑا اپنی زندگی کے اس خاص موقع پر خوش و خرم انداز میں دکھائی دیا۔
اداکارہ حنا رضوی نے اس پرمسرت موقع پر گولڈن رنگ کی میکسی ہلکے گلابی دوپٹے کے امتزاج کے ساتھ زیب تن کی، اپنی شادی کے موقع پر دلہا نے اپنی دلہنیا سے میچنگ کرتے ہوئے کریم ویسٹ کوٹ اور سفید شلوار قمیض زیب تن کیا۔اداکارہ حنا رضوی اور عمار احمد خان کی شادی کی اس تقریب میں شوبز سے تعلق رکھنے والے متعدد فنکاروں نے شرکت کی اور اس تقریب کو چار چاند لگائے۔
شادی کی تقریب میں شریک ہونے والے فنکاروں میں ان کی بہن سنگیتا کے علاوہ معروف اداکار مصطفیٰ قریشی، اداکارہ غزالہ جاوید، اداکار عدنان جیلانی، اداکارہ دانیہ ایمان، اداکارہ کنول نذر خان اور اداکارہ و ماڈل شیزا ہاشمی سمیت دیگر شامل تھے۔اس سے قبل اداکارہ کی مایوں کی تقریب کی تصاویر اور ویڈیوز بھی سوشل میڈیا کی زینت بنی تھیں۔انہوں نے مختصر ویڈیو کلپ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ الحمدللہ، آج قریبی خاندان اور پیاروں کی موجودگی میری رسم مایوں منعقد کی گئی ہے۔انہوں نے اپنے ہونے والے شوہر کو ٹیگ کرکے اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہوئے لکھا کہ میں اپنے شریک حیات عمار احمد خان کے ہمراہ اس نئے سفر کا آغاز کرنے کے لیے بیتاب ہوں، اللہ تعالیٰ کا جتنا شکر ادا کروں وہ کم ہے جس نے مجھے آپ جیسا جیون ساتھی عطا کیا۔
View this post on Instagram
اداکارہ حنا رضوی نے اپنی شادی کی تقریبات کی تصاویر انسٹاگرام اکاؤنٹ پر پوسٹ کیں تو چند صارفین نے نامناسب تبصرے کیے۔ان ذاتی نوعیت کے تبصروں میں حنا کے وزن اور ان کی عمر کو نشانہ بنایا گیا جن میں سے چند ایک کے جوابات اداکارہ نے خود بھی کمنٹس کے ذریعے دیے۔حنا رضوی کا کہنا تھا کہ “میں بریانی نہیں ہوں کہ ہر کسی کو اچھی لگوں یا ہر کسی کو خوش رکھ سکوں”۔
حنا رضوی کے موٹاپے اورعمار احمد خان کے پتلے ہونے کو سوشل میدیا پر بے حد تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔اگرچہ شادی میں سب سے زیادہ اہمیت ذہنی ہم آہنگی کی ہوتی ہے لیکن یہ ہمارا معاشرتی رویہ بن گیا ہے کہ ہم جسمانی خدو خال کو زیادہ اہمیت دیتے ہیں اور اس پر باتیں کرنا ہم اپنا پیدائشی حق سمجھتے ہیں۔ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم اس بات کو سمجھیں کہ شادی دلوں کا معاملہ ہے اور اس کو دل کے ساتھ ہی نبھایا جاتا ہے۔
عمّارہ خان ایم فل ماس کمیونیکیشن کی طالبہ ہیں اور تقریباْ بارہ سال سے لکھنے کے کام سے منسلک ہیں۔“دل کا رشتہ“ایپ پر بھی خاندان اور شادی سے جڑے موضوعات پر لکھتی ہیں۔