کسی بھی جوڑے کے لیے بہت خوشی کا موقع ہوتا ہے جب وہ اپنا خاندان بڑھانے اور بچے کی منصوبہ بندی کا سوچتا ہے لیکن پا کستانی معاشرے میں خاندانی منصوبہ بندی سے متعلق انوکھے مسائل یہ تقاضا کرتے ہیں کہ پہلے سے اس کی تیاری کی جائے تا کہ کم سے کم مسائل کا سامنا کرنا پڑے۔پاکستانی معاشرے میں روائتی اقدارسے لے کر معاشی مسائل تک کئی ایسی باتیں ہیں جن کا خیال رکھنا پڑتا ہے۔پاکستانی معاشرے میں بچے کی بہتر پرورش اور اور مناسب دیکھ بھال کے لیے ضروری ہے کہ مندرجہ ذیل باتوں کا خیال رکھا جائے۔
روایت پسند معاشرے کے مسائل
پاکستان جیسے روایت پسند معاشرے میں خاندان اور بچوں سے متعلق سوچ بھی بہت روائتی ہے۔شادی کے بعد بچے کی پیدائش کو شادی کی کامیابی تصور کیا جاتا ہے جبکہ ایک بچے کی منصوبہ بندی کسی بھی انسان کی ذاتی خواہش اور ذہنی طور پر تیاری پر منحصر کرتا ہے ناکہ معاشرے اور لوگوں کے دباؤ میں آ کر فیصلہ کیا جائے۔
معاشی منصوبہ بندی بھی ضروری ہے
ایک بچے کے لیے منصوبہ بندی کرنا،اس دنیا میں لانا اور اس کی پرورش کرنا، اس سارے عمل کے دوران پیسے کی ضرورت ہوتی ہے۔ماں باپ بننا ایک بہت ذمہ داری والا کام ہے جس میں قدم قدم پر پیسوں کی ضرورت پڑتی ہے۔اس بات کا خیال رکھنا بہت ضروری ہے کہ آپ کے پاس ایک اچھی خاصی رقم ہونا ضروری ہے تاکہ میڈیکل اور بچے کی دیکھ بھال اور پرورش کے اخراجات آسانی سے پورے کیے جا سکتے ہوں۔
صحت کو مقدم رکھیں
حمل کا دورانیہ ایک بہت اہم مرحلہ ہوتا ہے اس دوران آپ کو جسمانی کے ساتھ ساتھ ذہنی صحت کا بھی خیال رکھنا پڑے گا۔حمل کے دوران خواتین حمل سے متعلق چیک اپ تو کرواتی ہیں لیکن اس کے ساتھ ساتھ روٹین کے میڈیکل چیک اپس ہونا بھی ضروری ہیں تاکہ ایک کامیاب حمل اور ڈیلیوری کو ممکن بنایا جا سکے۔
خاندانی مددکی اہمیت
پاکستانی معاشرے میں خاندان کے تمام افراد بچوں کی پیدائش اور پرورش میں اپنا کردار ادا کرتے ہیں او ر ان کی مدد کے ذریعے ہی ماں باپ بچوں کی پرورش کامیاب طریقے سے کر پاتے ہیں اس لیے ان کو ہر مرحلے میں شامل رکھنا ضروری ہے تاکہ وہ ہر بات سے آگاہ ہوں اور ضرورت پڑنے پر آپکی مدد کر سکیں۔
گھر اور کام میں توازن
گھر اور کام میں توازن کا مسئلہ پاکستانی خواتین کو زیادہ ہوتا ہے کیونکہ ملازمت کرنے کے باوجود گھر کی تمام ذمہ داری ان پر ہوتی ہے۔ہمارے کلچر میں خواتین سے امید رکھی جاتی ہے کہ وہ ملازمت کے باوجودبیوی اور ماں ہونے کے ناطے گھر کے کاموں کو بخوبی انجام دیں گی۔ایک خاندان بنانے سے پہلے یہ ذہن میں رکھنا بہت ضروری ہے کہ آپ اپنی ان تمام ذمہ داریوں سے کس طرح نبر د آزما ہوں گی۔
مختصراً پاکستانی معاشرے میں بچے کی منصوبہ بندی کرنے سے پہلے بہت سے عوامل کو دیکھنا پڑتا ہے جن میں روائتی توقعات،معاشی منصوبہ بندی،صحت کی دیکھ بھال،خاندان کی جانب سے سپورٹ اور گھر اور کام میں توازن وغیرہ شامل ہیں۔ماں بننے سے پہلے ان تمام عوامل کو دیکھنا پڑتا ہے تاکہ تمام مراحل کو خوش اسلوبی سے سر انجام دیا جا سکے۔
عمّارہ خان ایم فل ماس کمیونیکیشن کی طالبہ ہیں اور تقریباْ بارہ سال سے لکھنے کے کام سے منسلک ہیں۔“دل کا رشتہ“ایپ پر بھی خاندان اور شادی سے جڑے موضوعات پر لکھتی ہیں۔