آجکل کے دور میں رشتے بنانا اور نبھانامرد وخواتین دونوں کے لیے بہت مشکل ہو گیا ہے۔بدلتی سوچ کے ساتھ دونوں میں رشتہ نبھانے کے لیے سمجھوتہ کرنا غلط سمجھا جانے لگا ہے۔کسی بھی تعلق میں عیب ڈھونڈنا اور بُرائیوں پر نظر رکھنا ایک عادت بن گئی ہے اور یہ سوچے بغیر کہ ہر انسان میں اچھائی اور بُرائی دونوں ہوتی ہیں ہمارا دھیان صرف بُرائیوں کی طرف ہوتا ہے جبکہ ایک رشتے کو نبھانے کے لیے اچھائیوں پر نظر رکھنا بھی ضروری ہوتا ہے۔کسی بھی فرد میں اچھائیاں ڈھونڈنا مشکل کام نہیں۔اس وقت جب ہر کوئی آپ کو بُرائیوں سے آگاہ کرنے کے لیے تیار بیٹھا ہوتا ہے آئیے آج کچھ ان اچھائیوں کا ذکر بھی کر لیں جو اگر ایک ساتھی میں موجود ہوں تو ایک بہترین رشتہ بنایا جا سکتا ہے۔
خوشگوار تبدیلی
جب ایک اچھا ساتھی آپ کو ملے تو آ پ کی زندگی میں تبدیلی ضرور آتی ہے لیکن یہ تبدیلی خوشگوار تبدیلی ہوتی ہے۔ ایسی تبدیلی جو آپ کی زندگی کو مزید خوشیوں سے بھر دیتی ہے اور اپنے آپ کو زیادہ محفوظ اور بہتر محسوس کرتے ہیں۔
برابری کے حقوق
ایک اچھا ساتھی ہمیشہ آپ کے ساتھ زندگی کی ذمہ داریوں کو بانٹتا ہے اور اس بات کو سمجھتا ہے کہ آپ کی اپنی ایک انفرادیت ہے اور ایک الگ صنف سے تعلق رکھنے کے علاوہ آپکے اپنے حقوق ہیں اور آپ برابر کے حقوق رکھتے ہیں۔
رائے کا احترام
ایک اچھا ساتھی ہمیشہ اپنے شریک حیات کی بات غور سے سنتا ہے اور اس کی رائے کا احترام بھی کرتا ہے۔
کامیابی سے حسد نہیں کرتا
ایک اچھا ساتھی ہمیشہ آپ کی کامیابی میں آپ کا مددگار ہوتا ہے اور حسد کے بجائے آپ کی حوصلہ افزائی کرتا ہے۔
ترجیحات میں شامل رکھے
ایک تعلق بنتا ہی تب ہے جب دونوں افراد کی ترجیحات ایک جیسی ہوں اور ایک اچھا ساتھی ہمیشہ اس بات کو ذہن میں رکھتا ہے۔
تحفظ کا احساس
ایک بہترین ساتھی ہمیشہ آپ کا خیال رکھتا ہے اور اپنے تعلق کو منفی سوچوں سے محفوظ رکھتا ہے۔اگر کوئی غلط فہمی ہو جائے تو اپنی غلطی ماننے میں جھجھک محسوس نہیں کرتا اور اپنی غلط سوچ سے ماحول کو خراب کرنے کی کوشش نہیں کرتا۔
کھل کر بات کرنا
ایک تعلق کو اچھی طرح نبھانے کے لیے کھل کر بات کرنا بہت ضروری ہے اور ایک اچھا ساتھی ہمیشہ کھل کر بات کرتا ہے تاکہ مسائل کو بڑھانے کے بجائے بات چیت کے ذریعے ختم کیا جا سکے۔
مشکل وقت میں کام آئے
زندگی میں اچھا بُرا وقت آتا رہتا ہے اور ایک فرد ہمیشہ اپنے ساتھی سے یہ امید رکھتا ہے کہ وہ مشکل وقت میں اس کا ساتھ دے اور اسے اکیلا نہ چھوڑے اور ہر قسم کے حالات سے مقابلہ کرنے میں آپ کی مدد کرے۔
عمّارہ خان ایم فل ماس کمیونیکیشن کی طالبہ ہیں اور تقریباْ بارہ سال سے لکھنے کے کام سے منسلک ہیں۔“دل کا رشتہ“ایپ پر بھی خاندان اور شادی سے جڑے موضوعات پر لکھتی ہیں۔