جویریہ عباسی نے گزشتہ دنوں انسٹاگرام پر ایک مختصر ویڈیو پوسٹ کی، جس میں فرانس کے دارالحکومت پیرس کے ایفل ٹاور پر مرد اور خاتون کو ایک دوسرے کے ہاتھ تھامے دیکھا جا سکتا ہے۔ویڈیو میں مرد اور خاتون کے چہرے دکھائی نہیں دیتے، تاہم اداکارہ نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے مختصر کیپشن میں لکھا “نئی زندگی کا آغاز”۔ان کی جانب سے ویڈیو شیئر کیے جانے کے بعد سوشل میڈیا صارفین سمیت شوبز شخصیات نے بھی کمنٹس کرتے ہوئے انہیں مبارک باد پیش کی جب کہ ان کی بیٹی عنزیلہ عباسی نے بھی پوسٹ پر کمنٹ کیا۔عنزیلہ عباسی نے والدہ کی پوسٹ پر کمنٹ کرتے ہوئے ان کی جانب سے نئی زندگی کا آغاز کیے جانے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ان کے لیے محبت کا اظہار بھی کیا۔جویریہ عباسی نے واضح نہیں کیا کہ انہوں نے شادی کی ہے یا پھر انہوں نے منگنی کی؟شوبز سوشل میڈیا پیجز اور ویب سائٹس کے مطابق جویریہ عباسی نے منگنی کی ہے، تاہم بعض ویب سائٹس نے اداکارہ کی شادی کی خبر دی۔
جہاں عنزیلہ عباسی نے والدہ کی نئی زندگی پر خوشی کا اظہار کیا، وہیں بعض افراد نے جویریہ عباسی پر تنقید بھی کی اور لکھا کہ بیٹی کی شادی کے بعد بھی وہ “حرکتوں “سے باز نہیں آ رہیں۔یہ کن حرکتوں کا ذکر ہو رہا ہے اس کی بھی وضاحت ضروری ہے۔جویریہ عباسی کی بیٹی عنزیلہ عباسی اگست 2023 میں رشتہ ازدواج میں بندھیں تھیں اور بیٹی کی شادی کے ایک سال بعد اداکارہ نے اپنی نئی زندگی کا آغاز کیا۔جویریہ عباسی نے پہلی شادی اداکار شمعون عباسی سے 1997 میں کی تھی، تاہم دونوں نے 2007 میں علیحدگی اختیار کرلی تھی۔ دونوں کے ہاں شادی کے دو سال بعد بیٹی عنزیلہ عباسی کی پیدائش ہوئی تھی۔شوہر شمعون عباسی تین شادیاں کر چکے ہیں جبکہ بیٹی کی شادی کے ایک سال بعد اب جویریہ عباسی نے بھی نئی زندگی کی شروعات کردی ہے
۔
جویریہ عباسی کی زندگی کے بارے میں جانیں تو معلوم ہو گا کہ انھوں نے اپنی زندگی میں بہت سے دقیانوسی نطریات کو رد کیا ہے۔ایک میگزین کو انٹر ویو دیتے ہوئے انھوں نےاس سوچ کو رد کیا کہ سنگل مدرز کو ہمیشہ چیلنجنگ صورتحال کا سامنا ہوتا ہے اور وہ بچوں کو اکیلے نہیں پال سکتیں۔انہوں نے کہا کہ سنگل مدر ہونا اتنا مشکل نہیں ہےجتنا اس کے بارے میں بات کی جاتی ہے ہے۔جویریہ عباسی نے مزید کہا کہ ہم ایک ایسے معاشرے میں رہتے ہیں جہاں یہ مانا جاتا ہے کہ شوہر ہونا ضروری ہے اور بچے مرد ہی پالے گا۔ میں ایک اداکارہ ہوں، اچھا کماتی ہوں، میرا طرز زندگی بہت اچھا ہے، میں جو بھی کماتی ہوں الحمداللہ اس سے اپنی اولاد کو ایک اچھی زندگی دے سکتی ہوں، مجھے مرد کی ضرورت نہیں ہے۔
جویریہ عباسی نے اپنی بیٹی سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ میں نے اپنی بیٹی کو بہت اچھے سے پالا ہے، میری بیٹی بہت اچھی ہے۔میں بہت خوش ہوں کہ وہ ایک تعلیم یافتہ لڑکی ہے، آپ کو زندگی میں اور کیا چاہیے ہوتا ہے؟اداکارہ نے سوال اٹھایاکہ مجھے سمجھ نہیں آتا کہ لوگ علیحدگی پر روتے کیوں ہے، اگر ایسا ہوگیا ہے تو اس پر رونا بند کریں۔میں یہ نہیں کہہ رہی کہ شادی نہیں کرنی چاہیے یا شوہر سے الگ ہوجانا چاہیے لیکن بدقسمتی سے ایسا ہوگیا ہے تو اپنی زندگی جیئیں۔اللہ نے آپ کو موقع دیا ہے کہ آپ ایک برے تعلق کو چھوڑ کر خود سے تعلق بنائیں اور اپنی زندگی جیئیں۔ہم اپنے والدین، بہن بھائیوں، شریک حیات، بچوں کے ساتھ تعلقات بناتے ہیں لیکن کبھی بھی خود سے تعلق نہیں بناتے ہیں، جب ایک انسان حقیقت میں خود کو تلاش کرلیتا ہے، اپنے آپ کو سمجھتا ہے تو زندگی زیادہ آسان ہوجاتی ہے۔
عمّارہ خان ایم فل ماس کمیونیکیشن کی طالبہ ہیں اور تقریباْ بارہ سال سے لکھنے کے کام سے منسلک ہیں۔“دل کا رشتہ“ایپ پر بھی خاندان اور شادی سے جڑے موضوعات پر لکھتی ہیں۔