نمودو نمائش کے اس دور میں جب ہر کوئی مہنگی سے مہنگی شادی کرنے کی دوڑ میں لگا ہوا ہے ،ایسی خبر سننے کو ملے جس میں سادگی سے نکاح کیا گیا ہو تو یہ ایک اچھی مثال بن جاتی ہے کہ شادی اس طریقے سے بھی ہو سکتی ہے۔ایسی ہی ایک مثال کرکٹر محمد وسیم نے بھی قائم کی اور سادگی سے نکاح کر کے مداحوں کو حیران کر دیا۔
محمد وسیم جونیئر نے انسٹاگرام پر اہلیہ کے ہمراہ تصاویر پوسٹ کرکے اپنے مداحوں کو زندگی کی نئی اننگز شروع کرنے سے متعلق آگاہ کیا۔انہوں نے اپنی پوسٹ میں نکاح کا ہیش ٹیگ استعمال کرنے کے ساتھ سورۃ انفال کی آیت کے الفاظ ’’وَاَلَّفَ بَيْنَ قُلُوْبِـهِـمْ‘‘ بھی تحریر کیے۔انسٹاگرام پر شیئر کی گئی تصاویر میں وسیم جونیئر کو مکہ مکرمہ میں موجود عمارت میں اپنی دلہن کا ہاتھ تھامے دیکھا جاسکتا ہے جہاں سے خانہ کعبہ بھی دکھائی دے رہا ہے۔ایک اور تصویر میں وسیم اپنی اہلیہ کے ہمراہ احرام باندھے خانہ کعبہ کے سامنے کھڑے نظر آرہے ہیں۔محمد وسیم جونیئر کی انسٹاگرام پوسٹ کے بعد سوشل میڈیا صارفین اور ساتھی کرکٹرز کی جانب سے انہیں مبارک باد دینے کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔
وسیم جونیئر کی شادی کی خبر سامنے آنے کے بعد شائقین کرکٹ متجسس ہیں کہ وسیم جونیئر نے کس سے شادی کی ہے؟ معلوم ہوا ہے کہ وسیم جونیئر کی دلہن ملک کے ایک بڑے بزنس مین کی بیٹی ہے، جس سے ان کی گزشتہ سال اسلام آباد میں منگنی ہوچکی تھی۔
شاداب خاب، نسیم شاہ، زمان خان، عامر جمال سمیت دیگر نے وسیم جونیئر کو مبارک باد دیتے ہوئے ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔
عمّارہ خان ایم فل ماس کمیونیکیشن کی طالبہ ہیں اور تقریباْ بارہ سال سے لکھنے کے کام سے منسلک ہیں۔“دل کا رشتہ“ایپ پر بھی خاندان اور شادی سے جڑے موضوعات پر لکھتی ہیں۔