متحدہ عرب امارات کی ریاست دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم کی صاحبزادی شیخہ مہرہ بنت محمد بن راشد المکتوم نے شوہر کو انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے طلاق دینے کے بعد ”طلاق“ نامی پرفیوم متعارف کراکر سب کو حیران کردیا۔شیخہ مہرہ نے اپنے برانڈ ’مہراسکم 1‘ کے بینر تلے ”طلاق“ نامی پرفیوم متعارف کرایا ہے۔
دبئی کی شہزادی کی جانب سے متعارف کرائے پرفیوم کو سیاہ رنگ کی بوتل میں پیش کیا گیا ہے فوری طور پر کمپنی کی جانب سے پرفیوم کی قیمت کا اعلان نہیں کیا گیا، تاہم جلد ہی ”طلاق“ نامی مذکورہ پرفیوم کو دنیا بھر کے کاسمیٹکس اور پرفیوم اسٹورز میں پیش کردیا جائےگا۔شیخہ مہرہ کی جانب سے ”طلاق“ نامی پرفیوم متعارف کرائے جانے کے بعد دنیا بھر کی خواتین نے ان کی تعریفیں کیں اور معروف فیشن برانڈ کی مالک خواتین نے بھی ان کے قدم کو سراہا۔شیخہ مہرہ بنت محمد بن راشد المکتوم نے 17 جولائی کو انسٹاگرام پر پوسٹ لکھ کر شوہر کو طلاق دی تھی، جس پر دنیا بھر کے افراد نے حیرانگی کا اظہار کیا جب کہ اسلامی ممالک میں ان کے قدم کو غیر مذہبی بھی قرار دیا گیا۔
شیخہ مہرہ بنت محمد بن راشد المکتوم دبئی کے حکمران کی متعدد صاحبزادیوں میں سے ایک ہیں، جنہوں نے ایک سال قبل ہی شاہی خاندان سے تعلق رکھنے والے شیخ منا بن محمد سے شادی کی تھی اور ان کا ایک بچہ بھی ہے۔شیخہ مہرہ بنت محمد بن راشد المکتوم کی جانب سے شوہر کو سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے طلاق دیے جانے کے معاملے پراسلامی دنیا میں نئی بحث چھڑ گئی تھی کہ کس طرح بیوی نے شوہر کو طلاق دی؟اس بحث سے صرفِ نظر کرتے ہوئے ایک اور بحث بھی شروع ہو گئی ہے کہ آخر کیا ایسے حالات بن گئے ہیں کہ خواتین طلاق کی خوشی منانے لگی ہیں؟کیا ایسے اقدامات کیے جائیں کہ طلاقیں کم سے کم ہوں اور خواتین شادی کے بندھن میں اپنے آپ کو محفوظ اور خوش و خرم محسوس کریں اور تعلق ٹوٹنے کا جشن نہ منائیں۔
سب سے اہم چیز اعتماد ہے جو میاں اور بیوی کا ایک دوسرے پر کرنا بے حد ضروری ہے اگر دونوں میں سے ایک بھی بد اعتمادی کا شکار ہو گیا تو نتیجہ طلاق ہی ہے۔
شادی کے رشتے کی اہمیت جو لوگ کرتے ہیں وہ حالات کو بگڑنے نہیں دیتے اور اگر آپ مخلص ہیں تو یہ اخلاص آپکے رویے میں بھی نظر آتا ہے۔
جب ایک فرد دوسرے کا خیال رکھے تو چھوٹی موٹی غلط فہمیاں بڑی نہیں ہو پاتیں اور رشتہ کمزور نہیں ہوتا۔
اپنے رشتے میں مضبوطی دیکھیں تو پھر اپنا خاندان بھی بڑھائیں ورنہ ایک سال میں جب تک ایک دوسرے کے بارے میں معلوم ہوتا ہے تو تب تک اولاد بھی پیدا ہو چکی ہوتی ہے پھر ایک طلاق تین لوگوں کو متاثر کرتی ہے۔
بیوی شیخہ مہرہ ہو یا عام عورت وہ اپنے شوہر کی پوری سپورٹ مانگتی ہے اور اسی طرح ایک مضبوط رشتہ بنتا ہے۔
عمّارہ خان ایم فل ماس کمیونیکیشن کی طالبہ ہیں اور تقریباْ بارہ سال سے لکھنے کے کام سے منسلک ہیں۔“دل کا رشتہ“ایپ پر بھی خاندان اور شادی سے جڑے موضوعات پر لکھتی ہیں۔