شادی کا بندھن کسی بھی انسان کی زندگی مکمل کر دیتا ہے،اسے ایک شریک حیات مل جاتا ہے جو زندگی کے ہر مرحلےمیں اس کا ساتھ دیتا ہے،اس کی نسل بڑھتی ہے اور معاشرے کا ایک ذمہ دار فرد بنتا ہے۔لیکن اب نہ صرف ہمارے معاشرے میں بلکہ پوری دنیا میں شادی کرنا اور اپنے لیے ہم سفر چننا ایک کٹھن مرحلہ ہے۔مغربی معاشرے میں تو “لیو ان ریلیشن شپ” بھی عام ہے اور کئی افراد کے ساتھ رہنے کے بعد بھی یہ فیصلہ کرنا مشکل ہوتا ہے کہ کسے ہم سفر چنا جائے۔اتنے مسائل کے بعد جب آپ خاص افراد میں بھی شمار ہوتے ہوں اور کسی نہ کسی معذوری اور کمی کا شکار ہوں تو پھر ایک بہترین ہم سفر ڈھونڈنا تو جیسے ایک خواب ہو جاتا ہے۔زندگی کے مسائل صرف وہ ہی افراد صحیح طور پر بتا سکتے ہیں جو بطور “خاص افراد” زندگی گزار رہا ہو۔
ان تمام مسائل کے باوجود دنیا میں کچھ ایسے خاص افراد بھی ہیں جو اپنے مسائل کے باوجود ایک اچھی بلکہ بہترین زندگی گزار رہے ہیں۔ان افراد میں ہی بیس سالہ سوشل میڈیا اسٹار اور تاجکستانی گلوکار عبدو روزک بھی ہیں جنھوں نے اپنی ایک سوشل میڈیا پوسٹ سے پوری دنیا کو خوشخبری سنائی۔عبدوروزک اپنے آفیشل انسٹاگرام ہینڈل پر اپنی ویڈیو پوسٹ کی جس میں وہ پینٹ سوٹ میں ملبوس ہاتھ میں ہیرے کی قیمتی انگوٹھی لیے بیٹھے ہیں۔عبدو روزک نے اپنے مداحوں کو دل کی شکل والی ہیرے کی قیمتی انگوٹھی دکھاتے ہوئے اپنی شادی کا تہلکہ خیز انکشاف کیا۔
اُنہوں نے اپنی شادی کی تاریخ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ رواں سال 7 جولائی کو شادی کرنے والے ہیں لہٰذا سب اس تاریخ کو یاد رکھیں۔گلوکار نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں نے اپنی زندگی میں کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ میں اتنا خوش قسمت ہوں گا کہ مجھے ایک ایسا پیار ملے گا جو میری عزت کرے اور میری زندگی میں آنے والی رکاوٹوں کا بوجھ نہ بنے۔عبدو روزک نے مزید کہا کہ میں لفظوں میں بیان نہیں کر سکتا کہ میں کتنا زیادہ خوش ہوں۔
میڈیا کے مطابق 20 سالہ عبدو روزک شارجہ کی 19 سالہ لڑکی سے شادی کررہے ہیں، ان کی شادی کی تقریب متحدہ عرب امارات میں ہی منعقد ہوگی لیکن ابھی تک شادی کے مقام کی تفصیلات سامنے نہیں آسکیں۔عبدو روزک نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرے لیے یہ محبت زندگی کی سب سے قیمتی چیز ہے، میں اپنی زندگی کے نئے سفر کے آغاز کا انتظار نہیں کر سکتا۔ تاجکستان سے تعلق رکھنے والے عبدو روزک ایک مقبول سوشل میڈیا سنسنیشن بھارتی ریئلیٹی شو بگ باس کے سیزن 16 کا حصہ بھی تھے۔
عمّارہ خان ایم فل ماس کمیونیکیشن کی طالبہ ہیں اور تقریباْ بارہ سال سے لکھنے کے کام سے منسلک ہیں۔“دل کا رشتہ“ایپ پر بھی خاندان اور شادی سے جڑے موضوعات پر لکھتی ہیں۔