گزشتہ دنوں معروف اداکارہ بشریٰ انصاری نے ہدا یتکار اقبال حسین سے شادی کا اعتراف کیا تو ان کے مداحوں کی جانب سے کئی سوال کیے گئے جو سوشل میڈیا پروائرل رہے۔اس شادی نے اتنی توجہ کیوں حاصل کی آئیے معلوم کرتے ہیں۔
بشریٰ انصاری کراچی سے تعلق رکھنے والی پاکستان ٹیلیویژن کی مقبول اداکارہ، میزبان اور پروڈیوسر ہیں۔ آپ پاکستان کے مشہور صحافی احمد بشیر کی بیٹی ہیں۔ انہوں نے 11 جون 1978ء کو ٹی وی پروڈیوسر اقبال انصاری سے شادی کی۔ بشری پہلی بار انہی کے ایک ڈراما میں نمودار ہوئیں اور اس کے بعد ان کے اعلی ڈراموں کا سلسلہ شروع ہو گيا اور انہوں نے مزاحیہ اداکاری کے ساتھ ساتھ سنجیدہ اداکاری میں بھی اپنا لوہا منوایا۔ اداکاری کے علاوہ بشریٰ نے گلوکاری اور ماڈلنگ بھی کی ہے۔ انہیں ان کی فنی خدمات کے اعتراف میں حکومت پاکستان کی جانب سے 1989ء میں پرائڈ آف پرفارمنس سے نوازا گیا۔بشریٰ انصاری نےپہلے شوہر سے بیس سال کی شادی کے بعد طلاق لے لی اور اقبال حسین سے شادی کر لی جبکہ اقبال حسین نے بھی پہلی شادی ٹی وی میزبان و اداکارہ فرح سعدیہ سے کی تھی اور ان کی بھی پہلی شادی طلاق پر ختم ہوئی۔
بشریٰ انصاری کی ڈراما ساز اقبال حسین سے دوسری شادی کی خبریں پہلی بار نومبر 2019 میں آئی تھیں اور اس وقت اقبال حسین نے اداکارہ سے دوسری شادی کی خبروں کی تردید کی تھی۔اس کے بعد اگرچہ بشریٰ انصاری نے پہلے شوہر سے طلاق لینے کا اعتراف کیا تھا۔بشریٰ انصاری نے پہلی بار جنوری 2020 میں ایک انٹرویو میں اپنی طلاق پر کھل کر بات کی تھی اور بتایا تھا کہ انہیں طلاق لیے ہوئے کافی عرصہ گزر چکا ہے۔اس کے بعد انہوں نے دسمبر 2020 میں ایک اور انٹرویو میں بتایا تھا کہ شادی کے کچھ عرصے بعد ہی وہ طلاق لینا چاہتی تھیں لیکن بچوں کی وجہ سے انہوں نے 36 سال صبر کیا اور بچوں کے ہاں بچے ہونے کے بعد طلاق لی۔انہوں نے دونوں انٹرویوز میں طلاق لینے کا سال نہیں بتایا تھا، تاہم انہوں نے بتایا تھا کہ شوہر کے ساتھ ذہنی ہم آہنگی نہ ہونے کی وجہ سے انہوں نے طلاق لی۔اعتراف کے بعد شادی کی افواہیں گردش کرتی رہیں۔
ان سب افواہوں کا خاتمہ بشریٰ انصاری نے اپنی حالیہ یو ٹیوب ویڈیو میں کر دیا۔ اداکارہ بشریٰ انصاری نے یو ٹیوب پر اپنے چینل پرفینز کے ساتھ مخاطب ہو کر کہا کہ مجھ سے متعلق سوالات کے جوابات آج حاضر ہیں اور پھر اپنے شوہر اقبال حسین کا تعارف کروایا۔اقبال حسین کے ساتھ ویڈیو میں بشریٰ انصاری کا کہنا تھا کہ ہمارے معاشرے میں بڑی عمر کی خاتون سے شادی کرنا جرم سمجھا جاتا ہے۔ ڈراما سیریل سیتا باگڑی کی شوٹنگ کے دوران اقبال حسین نے پروپوز کیا۔بشریٰ انصاری کا مزید کہنا تھا کہ 2 دہائیوں تک شادی شدہ زندگی گزارنے اور پھر علیحدگی کے بعد طویل عرصے اکیلے رہنے کے باعث دوسری شادی کے لیے راضی نہیں تھی۔ گھر والوں اور دوستوں خصوصا اداکار بہروز سبزواری نے شادی کے لیے راضی کیا۔
اداکارہ نے کہا کہ ہم اپنی شادی کو مثال بنانا چاہتے ہیں کہ 30 یا 35 سال کی عمر میں طلاق کے بعد اگرکوئی آپشن موجود ہو تو شادی کی جاسکتی ہے۔ خاص طور پر ایسی خواتین جو کسی وجہ سے اکیلی رہ جاتی ہیں اور ان کے پاس دوسری شادی کا کوئی آپشن موجود ہے تو وہ دوسری شادی کے فیصلے کا سوچ سکتی ہیں۔اقبال حسین کا کہنا تھا کہ ہمارے معاشرے میں بڑی عمر کی خاتون سے شادی کرنے پر تنقید کی جاتی ہے لیکن ایسا نہیں ہونا چاہیے۔ جو لوگ ایسا سوچتے ہیں کہ بڑی عمر کی خواتین سے شادی کرنا بُرا ہے وہ اصل میں نفسیاتی مسائل کا شکار ہیں۔
عمّارہ خان ایم فل ماس کمیونیکیشن کی طالبہ ہیں اور تقریباْ بارہ سال سے لکھنے کے کام سے منسلک ہیں۔“دل کا رشتہ“ایپ پر بھی خاندان اور شادی سے جڑے موضوعات پر لکھتی ہیں۔