فلمی دنیا کی اکثر جوڑیاں فلمی انداز میں بنتی ہیں اور اسی طرح ٹوٹ بھی جاتی ہیں لیکن دلیپ کمار اور سائرہ بانو جب ایک دوسرے کی زندگی میں آئے تو پھر انہوں نے کسی اور طرف نہیں دیکھا 54 سالہ شادی کا ساتھ دلیپ کمار کی وفات پر ٹوٹا۔بھارتی اداکار دلیپ کمار اور سائرہ بانو اپنے عہد کے بہترین اداکار تھے ۔دونوں نے اداکاری کے میدان میں خوب نام کمایا لیکن جب دونوں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تو پھر انہوں نے اپنی نجی زندگی پر فنی زندگی کو قربان کردیا ۔
اداکارہ سائرہ بانو کی والدہ بھی ایک اداکارہ ہی تھیں سائرہ بانو نے کم عمری میں ہی اپنی والدہ سے اداکاری اور رقص کی تربیت لینا شروع کردی اور بہت کم عمری میں ہی فلموں میں آنے کا ارادہ کرلیا تھا ۔ وہ دور دلیپ کمار کے عروج کا دور تھا اور سائرہ بانو بھی اس وقت کے سپر سٹار سے دلی طورپر محبت کرنا شروع ہوگئی تھیں حالانکہ دونوں کی کبھی ملاقات نہیں ہوئی تھی دونوں کا رشتہ ایک مداح اور فنکار والا تھا لیکن قدرت کو کچھ اور ہی منظور تھا ۔
سائرہ بانو کی والدہ نسیم بانو اپنی بیٹی کی فلموں میں انٹری کے لئے کوشاں تھیں اسی دوران نسیم بانو کی ملاقات دلیپ کمار سے ہوئی سائرہ بانو بھی ان کے ساتھ تھیں سائرہ بانو کی عمر اس وقت پندرہ سال تھی اور اس ملاقات میں ہی سائرہ بانونے دلیپ کمار کو پہلی مرتبہ قریب سے دیکھا تھا ۔ اس ملاقات میں دلیپ کمار نے سائرہ بانو کو ” بیوٹی فل گرل ” قرار دیا ۔ یہ وہ لمحہ تھا جب سائرہ بانو کے دل میں دلیپ کمار کی محبت گھر کر گئی ۔ اپنے ایک انٹرویو میں سائرہ بانو نے کہا کہ میرا دل کہہ رہا تھا کہ میں دلیپ کمار کو جیت لوں گی اور ان سے ہی میری شادی ہوگی ۔
اور پھر ایسا ہی ہوا کہ دونوں اداکاروں کو فلم ” جھک گیا آسمان” میں کام کرنے کا موقع ملا اور اس فلم کے دوران ہی دلیپ کمار اور سائرہ بانو میں محبت ہوگئی اور دلیپ کمار نے سائرہ بانو کو شادی کی پیشکش کردی ۔اس وقت دونوں کی عمروں میں کافی فرق تھا لیکن کسی نے عمر نہیں دیکھی اور ایک دوسرے کو پانے کی خواہش میں دونوں 11 اکتوبر 1966 میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئے ۔ اسوقت سائرہ بانو محض 22 جب کہ اداکار دلیپ کمار کی عمر 44 برس تھی۔
سائرہ بانو اور دلیپ کمار کو شادی کے بعد کئی مشکلات کا سامنا بھی کرنا پڑا جن میں سے ایک اداکارہ سائرہ بانو کی صحت کا مسئلہ تھا۔ سائرہ بانو 1972 میں حاملہ ہوئیں لیکن طبی مسائل کے باعث وہ بچے کو جنم نہ دے سکیں، اس واقعے نے دونوں پر کافی گہرے اثرات مرتب کیے اور پھر دوبارہ سائرہ بانو کبھی ماں نہ بن سکیں لیکن اولاد سے محرومی کے باوجود دونوں کبھی ایک دوسرے سے دور نہیں رہے۔ سائرہ کے ساتھ شادی شدہ زندگی گزارتے ہوئے دلیپ کمار نے حیدرآباد کے اپنے ایک دورے کے دوران ایک پاکستانی خاتون عاصمہ رحمان سے ملاقات کی، جب کچھ اخبارات نے دلیپ کمار کا عاصمہ کے ساتھ نکاح نامہ شائع کیا تو سائرہ بانو کو شدید دکھ پہنچا، حالانکہ وہ اپنی شادی ٹوٹنے نہیں دینا چاہتی تھیں۔ اس نے دلیپ کمار پر بھروسہ کیا اور زندگی میں آگے بڑھی دلیپ کمار کی دوسری شادی جلد ہی ٹوٹ گئی جب انہیں معلوم ہوا کہ عاصمہ انہیں دھوکہ دے رہی ہے۔ خاتون نے پریس کے سامنے دلیپ کے تمام راز کھولے۔ان تمام حالات میں سائرہ نے ہمیشہ دلیپ کمار کا ساتھ دیا۔
رواں سال جولائی کے مہینے میں سائرہ بانو نے انسٹاگرام کے ذریعے سوشل میڈیا کی دنیا میں قدم رکھا ،شادی کی سالگرہ کےموقع پراداکارہ نے انسٹاگرام پراپنی دلیپ کمار کے ساتھ شادی کی ایک ویڈیو شیئر کی۔سائرہ بانو نے لکھاکہ ان کی دلیپ کمار سے شادی ایک حقیقی ’سنڈریلا‘ کی کہانی تھی ! ایسا ہر روز نہیں ہوتا کہ ایک لڑکی اتنی خوش قسمت ہو جسے اس کے خوابوں کا شہزادہ مل جائے اور پھر اس کی شادی بھی ہو جائے۔
View this post on Instagram
دلیپ کمار طویل علالت کے بعد 7 جولائی 2021 کو 98 سال کی عمر میں انتقال کر گئے تھے۔ 79 سالہ سائرہ بانو اب اپنی باقی ماندہ زندگی اپنی یادوں کے سہارے گزار رہی ہیں۔
عمّارہ خان ایم فل ماس کمیونیکیشن کی طالبہ ہیں اور تقریباْ بارہ سال سے لکھنے کے کام سے منسلک ہیں۔“دل کا رشتہ“ایپ پر بھی خاندان اور شادی سے جڑے موضوعات پر لکھتی ہیں۔