عامر خان اور ان کی سابقہ اہلیہ رینا دتا کی بیٹی آئرہ خان نے اپنے دوست نوپور شیکھر سے شادی کر لی ۔شادی کی تقریب کی ایک ویڈیو میں دلہا دلہن کو پورے خاندان کے ساتھ رسومات ادا کرتے بھی دیکھا جاسکتا ہے۔تقریب میں شوبز ستاروں کے ساتھ ساتھ بھارت کی دیگر اہم شخصیات کو مدعو کیا گیا۔ آئرہ کی شادی کے ساتھ جوڑے کا منفرد لباس بھی ان دنوں خبروں کی زینت بنا ہوا ہے جس پر سوشل میڈیا صارفین بھی تبصرے کررہے ہیں۔عامر خان کی بیٹی آئرہ خان کی شادی کی تقریبات گذشتہ کئی دنوں سے چل رہی ہیں۔اسی سلسلے میں منگل کو عامر خان، اُن کے بیٹے جنید خان، اُن کی سابق اہلیہ کرن راؤ اور بیٹے آزاد راؤ خان سمیت خاندان کے باقی افراد کو سلمان خان کے گھر پر جاتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔ شادی میں نوپور کی پوری فیملی بھی موجود تھی۔آئرہ خان اور اُن کے بوائے فرینڈ نوپور شکھیر کی گزشتہ برس 18 نومبر کو منگنی ہوئی جس میں قریبی دوستوں اور عزیز و اقارب نے شرکت کی تھی ۔عامر خان کی بیٹی کی شادی کا ریسیپشن ممبئی میں ہوگا۔
نوپور شیکھر کون ہیں؟
نوپور شیکھر کی پیدائش پونے میں ہوئی۔ انھوں نے آر ایس پودار کالج آف کامرس اینڈ اکنامکس ممبئی سے گریجویشن کیا۔نوپور فٹنس کوچ اور کنسلٹنٹ بھی ہیں۔ وہ فٹنس کی دنیا کا ایک بڑا نام ہیں۔ نوپور شیکھر اپنی صحت کا بہت خیال رکھتے ہیں اور ان کے انسٹاگرام پر ان کی ورزش کرتے ہوئے کئی ویڈیوز موجود ہیں۔ ان کے 30 ہزار سے زیادہ فالوورز ہیں۔انھوں نے کئی بالی وڈ ستاروں کو بھی فٹنس ٹریننگ دی ہے اور وہ عامر خان کے بھی ٹرینر ہیں۔ وہ کئی سال تک بالی ووڈ اداکارہ سشمیتا سین کے بھی ذاتی ٹرینر رہے۔نوپور عامر خان کی بیٹی آئرہ خان کے ٹرینر بھی تھے۔ فٹنس کے سفر کے دوران دونوں کو ایک دوسرے سے پیار ہو گیا اور تقریباً دو سال کے اندر ان کا رشتہ گہرا ہو گیا اور انھوں نے شادی کا فیصلہ کر لیا۔
آئرہ خان کی انفرادیت
بالی وڈ مسٹر پرفیکشنٹ عامر خان بچوں کے جنسی استحصال اور دیگر سماجی مسائل پر کافی مستعد نظر آتے ہیں اور گزشتہ کئی برس کے دوران وہ اس حوالے سے مختلف مہمات اور پروگرام کا حصہ بھی رہے ہیں۔ ایک سپر سٹار کی بیٹی ہونے کے باوجود آئرہ خان ہمیشہ بالی ووڈ کی چکا چوند زندگی سے دور رہی ہیں۔ آئرہ نے اپنے لیے ایک الگ شناخت بنانے کے لیے بظاہر اپنے والد کی پہچان کو استعمال نہیں کیا۔آئرہ خان ایک این جی او ’اگاتسو‘ کی بانی اور سی ای او ہیں۔آئرہ خان نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں انتہائی کم عمری میں اپنے ہی رشتہ داروں نے جنسی ہراسانی کا نشانہ بنایا اور جب ان کا استحصال کیا گیا، اس وقت انہیں پتا ہی نہیں تھا کہ ان کے ساتھ کیا ہو رہا ہے۔آئرہ نے اس بات کا اعتراف کیا کہ بہت سارے لوگ یہ جانتے ہیں کہ عامر خان کی بیٹی ایک پرسکون خوشیوں بھری زندگی گزار ر ہی ہیں، تاہم درحقیقت ایسا نہیں۔انہوں نے انتہائی کم عمری میں ذہنی پریشانیوں کے شکار ہونے کا اعتراف کیا اور کہا کہ اگرچہ ان کی کم عمری میں ہی ان کے والدین کی طلاق ہوگئی تھی، تاہم اس واقعے نے ان کی ذہنی صحت متاثر نہیں کی۔ان کے مطابق ٹی بی کے باعث بھی انہیں ذہنی پریشانی کا سامنا کرنا نہیں پڑا، لیکن اس کے باوجود وہ ہمیشہ ڈپریشن کا شکار رہتی تھیں اور انہیں سمجھ نہیں آتا تھا کہ ان کے ساتھ ایسا کیوں ہوتا ہے؟ ہمیشہ ان کے ذہن میں انتشار رہا اور انہیں سمجھ نہیں آیا کہ ان کے ذہنی انتشار کا سبب کیا تھا؟ان کے منگیتر نے انھیں ذہنی انتشار سے نکلنے میں مدد کی اور یہ ہی اس شادی کی خاص بات ہے۔ ایک اور خاص بات یہ بھی ہے کہ آئرہ اورنو پور شیکھر اپنی شادی کو روایت سے ہٹ کر منفرد بنانا چاہتے تھے اور شاید اسی لیے سوشل میڈیا پر زیر بحث ہیں۔آئرہ خان کی والدہ سابق اداکارہ رینا دتا ہیں، جن سے عامر خان نے 1986 میں شادی کی تھی اور انہیں پہلی اہلیہ سے بیٹا جنید خان بھی ہے اور آئرہ خان اپنے بھائی سے کم عمر ہیں۔عامر خان اور رینا دتا کے درمیان 2002 میں طلاق ہوگئی تھی، مسٹر پرفیکشنسٹ نے دوسری شادی فلم ساز کرن راؤ سے 2005 میں شادی کی۔
عمّارہ خان ایم فل ماس کمیونیکیشن کی طالبہ ہیں اور تقریباْ بارہ سال سے لکھنے کے کام سے منسلک ہیں۔“دل کا رشتہ“ایپ پر بھی خاندان اور شادی سے جڑے موضوعات پر لکھتی ہیں۔