اداکارہ میراپاکستان فلم انڈسٹری کی ایک مشہور اداکارہ ہیں جو نوے کی دہائی سے اس شعبے سے وابستہ ہیں ۔فلموں کے علاوہ انہوں نے کئی ڈراموں میں بھی کام کیا ہے ۔ میرا اکثر اپنے منفرد بیانات اور انداز کی وجہ سے میڈیا اور عوام کی توجہ حاصل کرنے کے لیے جانی جاتی ہیں۔حال ہی میں وہ ایک بار پھر شادی سے متعلق اپنے بیان کی وجہ سے خبروں میں ہیں۔
نجی چینل کے صحافی نے سوال کیا کہ اداکارہ نیلم منیر کی شادی ہو گئی ہے آپ کا کب تک شادی کرنے کا ارادہ ہے؟پہلے تو اداکارہ میرا صحافی کے سوال پر کچھ دیر خاموش رہیں پھر جب صحافی نے اداکارہ کو خاموش دیکھ کہ یہ پوچھا کہ آپ کچھ سوچ رہی ہیں یا پھر اپنے چہرے کے ان تاثرات کے ذریعے مجھے جواب دے رہی ہیں؟اداکارہ میرا نے یہ سن کر انتہائی دکھ بھرے انداز میں کہا کہ مجھے بس افسوس ہے جس پر صحافی نے یہ پوچھا کہ آپ کو کس چیز پر افسوس ہے، نیلم منیر کی شادی ہونے پر یا اپنی شادی میں تاخیر ہونے پر؟اداکارہ میرا نے اس سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ مجھے اپنی شادی میں تاخیر ہونے پر افسوس ہے،پھر صحافی نے سوال کیا کہ آپ کو ابھی تک اپنے خوابوں کا شہزادہ نہیں ملا؟میرا نے دکھ بھرے انداز میں کہا کہ مجھ سے کوئی شادی نہیں کرنا چاہتا اور مجھے نہیں معلوم کہ کوئی مجھ سے شادی کیوں نہیں کرنا چاہتا۔اداکارہ نے کہا کہ اس وقت میں بہت اداس ہوں۔ مجھے پریشانی ہے کہ میں نے ابھی تک شادی نہیں کی۔ مجھے لگتا ہے کہ کوئی مجھ سے محبت نہیں کرتا، اور کوئی مجھ سے شادی نہیں کرنا چاہتا۔اداکارہ نے غمزدہ اور بوجھل دل کے ساتھ یہ کہا اور اپنی کرسی سے اٹھ کر چلی گئیں۔اداکارہ کی جانب سے شادی پر کی گئی مختصر بات کی ویڈیو وائرل ہوگئی اور سوشل میڈیا صارفین نے اس پر دلچسپ تبصرے بھی کیے۔
اس سے قبل اداکارہ کے خلاف عتیق الرحمٰن نامی شخص نے شادی کے بعد دھوکے اور نکاح کے اوپر نکاح کا الزام عائد کرتے ہوئے ان کے خلاف عدالت میں مقدمہ دائر کیا تھا۔عتیق الرحمٰن نامی شخص کا دعویٰ تھا کہ میرا نے ان سے نکاح میں ہوتے ہوئے کیپٹن نوید نامی شخص سے دوسرا نکاح کیا، تاہم اداکارہ ایسے الزامات کو مسترد کرتی آئی ہیں۔عتیق الرحمٰن نامی شخص نے پہلی بار 2009 سے قبل دعویٰ کیا تھا کہ میرا نے ان سے شادی کر رکھی ہے اور ان کی اہلیہ ہونے کے باوجود انہوں نے نکاح کے اوپر نکاح کرکے کپتان نوید سے شادی کی۔عتیق الرحمٰن نامی شخص کی جانب سے نکاح کے اوپر نکاح کا دعویٰ کرنے کے بعد میرا نے جولائی 2009 میں تکذیب نکاح کی درخواست دائر کی تھی اور ان کے کیسز کا تاحال کوئی حتمی فیصلہ نہیں آ سکا۔رواں برس جنوری میں میرا نے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ وہ اپنی مرضی سے سنگل نہیں ہیں اور اب انہوں نے کہا ہے کہ کوئی بھی مرد ان سے شادی نہیں کرنا چاہتا۔
میرا کی شادی نہ ہونے کے بیان کو سوشل میڈیا پر زیادہ اہمیت اس لیے دی جا رہی ہے کیونکہ پاکستان میں ایک عام عورت کو تو شادی کے مسائل درپیش ہیں ہی لیکن جب یہ سننے میں آئے کہ ایک مشہور اداکارہ بھی اس ستم ظریفی کا شکار ہے تو پاکستان میں شادی کے مسائل کا اندازہ ہوتا ہے کہ جب ایک عورت کے ساتھ کسی مرد کا نام جڑ جائے تو ہمارا معاشرہ اس کی دوسری شادی کو قبول نہیں کر رہا ہوتا جبکہ وجہ کچھ بھی ہو وہ عورت ناکارہ اشیاء میں شمار ہونے لگتی ہو بے شک وہ مشہور اداکارہ ہی کیوں نہ ہو۔ ان مسائل پر غور کرنے اور ان کے خاتمے کے لیے کوشش کرنا بے حد ضروری ہے ورنہ حالات کہاں جائیں کسی کو نہیں معلوم۔
عمّارہ خان ایم فل ماس کمیونیکیشن کی طالبہ ہیں اور تقریباْ بارہ سال سے لکھنے کے کام سے منسلک ہیں۔“دل کا رشتہ“ایپ پر بھی خاندان اور شادی سے جڑے موضوعات پر لکھتی ہیں۔