رمضان کی آمد سے پہلے گھروں کی مکمل صفائی کی جاتی ہے، تاکہ عبادات اور دیگر تیاریوں میں سہولت رہے۔ اس مقدس مہینے میں جہاں عبادات کی طرف خصوصی توجہ دی جاتی ہے، وہیں خواتین خانہ کی ذمہ داریاں بھی بڑھ جاتی ہیں۔ زیادہ تر گھروں میں رمضان سے پہلے صفائی کا خاص اہتمام کیا جاتا ہے تاکہ پورے مہینے میں صفائی کی فکر نہ ہو اور عبادات کے لیے زیادہ وقت نکالا جا سکے۔
یہاں کچھ آسان اور مؤثر صفائی کےطریقے بتائے جا رہے ہیں جو رمضان سے پہلے اپنانے سے گھر چمکتا دمکتا نظر آئے گا۔
برتنوں کی تیاری
رمضان میں برتنوں کا استعمال عام دنوں سے زیادہ ہوتا ہے، جس کی وجہ سے زیادہ ڈش واش، اسفنج، تولیے اور ٹشو پیپرز کی ضرورت پڑتی ہے۔ بہتر ہوگا کہ ان اشیاء کو پہلے سے زیادہ مقدار میں خرید لیا جائے تاکہ بار بار بازار کے چکر نہ لگانے پڑیں۔
کچن کی صفائی اور برتنوں کی ترتیب
رمضان سے پہلے کچن کو اچھی طرح دھو کر صاف کرلیں اور اس دوران اضافی اور غیر ضروری اشیاء نکال دیں۔تمام کیبنٹس کو ترتیب دیں اور ضروری برتن، پلیٹیں، چمچ اور دیگر سامان سامنے رکھیں تاکہ ضرورت کے وقت آسانی سے دستیاب ہوں۔روزانہ کے استعمال کے برتنوں کو دھونے میں تاخیر نہ کریں کیونکہ ان پر جمی چکنائی بعد میں زیادہ محنت طلب ہو سکتی ہے۔چولہے اور کیبنٹس کی گہرائی سے صفائی کریں اور اس دوران سرکہ استعمال کریں، تاکہ بیکٹیریا کا خاتمہ بھی ہو سکے۔
فریج کی صفائی اور ترتیب
فریج سے تمام سامان نکال کر اسے پانی اور سوڈا ملے نرم کپڑے سے صاف کریں تاکہ کسی بھی قسم کی بدبو ختم ہو جائے۔پرانی اور زائد المعیاد اشیاء نکال کر جگہ خالی کریں تاکہ رمضان کے دوران تازہ اشیاء کے لیے مناسب جگہ میسر ہو۔فریزر میں رکھی جانے والی سبزیوں، پھلوں اور دیگر کھانے پینے کی اشیاء کو منظم کریں اور پلاسٹک بیگز پر ان کے نام لکھیں تاکہ شناخت میں آسانی ہو۔
پردے، دری اور چادروں کی دھلائی
رمضان سے پہلے بیڈ شیٹ، پردے اور تکیہ کور تبدیل کیے جاتے ہیں، تاہم ایک ساتھ سب دھونا مشکل ہو سکتا ہے۔بہتر ہوگا کہ روزانہ ایک چیز دھوئی جائے، مثلاً ایک دن بیڈ شیٹ، اگلے دن پردے، اور پھر دری یا قالین، تاکہ کام کا دباؤ نہ بڑھے۔
گھر کے دیگر حصوں کی صفائی
جالے اتاریں اور فرنیچر کو پالش کریں تاکہ اس کی چمک برقرار رہے۔کارپٹ کو جھاڑ کر دھوپ میں رکھیں یا ڈرائی کلین کروالیں۔ٹائلز کی درزوں میں جمع ہونے والی مٹی کو بیکنگ سوڈا اور پانی سے صاف کریں اور پرانے ٹوتھ برش سے رگڑیں۔فرش کو صاف کرنے کے لیے مناسب لیکویڈ کلینرز کا استعمال کریں۔
اگر رمضان سے پہلے مکمل صفائی کر لی جائے تو رمضان میں وقت کی بچت ہو سکتی ہے، اور زیادہ وقت عبادت میں گزارا جا سکتا ہے۔ پہلے سے کی گئی یہ تیاری پورے مہینے کو سہولت بخش بنا دے گی اور گھر کا ماحول صاف ستھرا اور خوشگوار محسوس ہوگا۔

عمّارہ خان ایم فل ماس کمیونیکیشن کی طالبہ ہیں اور تقریباْ بارہ سال سے لکھنے کے کام سے منسلک ہیں۔“دل کا رشتہ“ایپ پر بھی خاندان اور شادی سے جڑے موضوعات پر لکھتی ہیں۔