محبت ایک ایسا رشتہ ہے جسے محسوس کیا جاسکتا ہے۔جب کوئی انسان کسی کی محبت میں مبتلا ہوتا ہے تو اس میں تبدیلی لازمی آتی ہے ہم اس تبدیلی کو مثبت تبدیلی کہہ سکتے ہیں۔ جب ہم کسی کی محبت میں قید ہونا شروع ہوتے ہیں تو ہم خود کو اس کے مطابق کرنے کا سوچتے ہیں۔ہم جس سے محبت کرتے ہیں اس کی پسند اور ناپسند میں ڈھلنا شروع ہوجاتے ہیں اس کام کو چھوڑنے کی کوشش کرتے ہیں جو اس کو پسند نہیں ہے۔ ہم یہ کہہ سکتے ہیں کہ جب ہم سچی محبت کرتے ہیں تو خود کو اس کے تابع کرتے ہیں۔ حقیقت میں یہ غلامی نہیں ہوتی یہ بس اپنی انا کو ختم کرنے کا نام ہے۔ ہمیں زندگی کے ہر امتحان میں اپنے غرور اور انا کو ختم کرنے کا کہا جاتا ہے کیونکہ جن رشتوں میں انا ہوتی ہے وہ کامیاب بہت کم ہوتے ہیں۔ اس لئے اگر آپ کسی کی محبت میں قید یا مبتلا ہوتے ہیں تو اس وجہ سے آپ میں بہت سی تبدیلیاں آتی ہیں اور آپ کو جسمانی فوائد بھی حاصل ہوتے ہیں
دماغ پر اثرات
پیار میں مبتلا ہونے کے بعد جب آپ جائز طریقے سے کسی کو اپناتے ہیں اور ازدواجی تعلقات قائم کرتے ہیں تو یہ آپ کے دماغ پر اثرات ڈالتا ہے۔ ازدواجی تعلق کا رشتہ جب شروع ہوتا ہے تو آپ کا دماغ ڈوپامائن اور نیروفیرین کو جاری کرتا ہے۔ یہ دو نیوروٹرانسمیٹر آپ کی خوشی، ہلچل کے ذمہ دار ہوتے ہیں۔
مدافعتی نظام
محبت ہمارے مدافعتی نظام کو مضبو ط کرتی ہے۔ 2019 کے مطالعے سے پتہ چلا ہے کہ پیار کی وجہ سے آپ کے مدافعتی نظام پر مثبت اثر پڑتا ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ جو لوگ محبت میں مبتلا ہوتے ہیں ان میں انفیکشن سے لڑنے کا دفاع زیادہ ہوسکتا ہے۔
درد کو کم کرتی ہے
ہمیں 2010 کے ایک چھوٹے سے مطالعے سے پتہ چلا ہے کہ رومانوی تعلقات کے مراحل میں آپ درد سے نجات حاصل کر سکتے ہیں۔ ہمارا دماغٖ ایسے فنکشن کو جاری کرتا ہے جس کی وجہ سے ہم درد کو کم محسوس کرتے ہیں۔
دل کی صحت
ہمیں 2013 کی ایک تحقیق سے پتہ چلا ہے کہ 35 سے 64 سال کی عمر میں دل کے دورے پڑنے کا امکان ان لوگوں میں کم تھا جو شادی شدہ تھے۔ ایک اور مطالعے سے علم ہوا ہے کہ اس انسان کا پاس موجود ہونا جس سے آپ محبت کرتے ہیں دباؤ کو کم کرسکتا ہے۔اس کے علاوہ ہم بلڈ پریشر کو بھی کم کرسکتے ہیں۔ بلڈ پریشر بھی دل کے دورے کا باعث بنتا ہے۔ اگر آپ ایگزائٹی یا اضطراب میں مبتلا ہیں تو کسی چاہنے والے کی کمپنی حاصل کرکے آپ اس سے چھٹکارا حاصل کرسکتے ہیں

عمّارہ خان ایم فل ماس کمیونیکیشن کی طالبہ ہیں اور تقریباْ بارہ سال سے لکھنے کے کام سے منسلک ہیں۔“دل کا رشتہ“ایپ پر بھی خاندان اور شادی سے جڑے موضوعات پر لکھتی ہیں۔