آسکر اور گریمی ایوارڈ یافتہ بھارتی موسیقار و گلوکار اللہ رکھا رحمٰن کی اہلیہ سائرہ بانو نے شادی کے 30 سال بعد ان سے
علیحدگی کا اعلان کردیا۔سائرہ بانو کی جانب سے اعلان میں کہا گیا کہ انہوں نے اپنے شوہر اور آسکر ایوارڈ یافتہ موسیقار سے علیحدگی کا مشکل فیصلہ کیا ہے۔اے آر رحمٰن کی اہلیہ کے وکلا کی جانب سے علیحدگی کے حوالے سے ایک بیان جاری کیا گیا۔بیان میں کہا گیا کہ ’ایک دوسرے کے لیے گہری محبت کے باوجود جوڑے کے درمیان تلخی اور مشکلات کی وجہ سے بہت زیادہ فاصله پیدا ہوگیا تھا جسے دونوں ختم کرنے سے قاصر رہے۔بیان میں مزید کہا گیا کہ سائرہ بانو نے یہ فیصلہ رنج اور اذیت کی وجہ سے لیا، وہ اس مشکل وقت میں عوام سے ان کی پرائیویسی اور جذبات کا خیال رکھنے کی درخواست کرتی ہیں۔اے آر رحمٰن اور سائرہ بانو کی شادی 1995 میں ہوئی تھی، ان کے تین بچے ہیں جن کا نام خدیجہ، رحیمہ اور امین ہے۔ان کے بیٹے امین نے سماجی ویب سائٹ انسٹاگرام پر اپنی اسٹوری میں لکھا کہ’ ہم تمام لوگوں سے اس وقت ہماری پرائیویسی کا خیال رکھنے کی درخواست کرتے ہیں’۔
آسکر‘ ایوارڈ یافتہ بھارتی موسیقار اللہ رکھا المعروف اے آر رحمٰن بھارتی ریاست تامل ناڈو میں پیدا ہوئے تھے، ہندو خاندان میں پیدا ہونے والے موسیقار اور ان کے والدین نے بعد میں اسلام قبول کیا تھا۔اے آر رحمٰن نے کم از کم عالمی معیار کے 100 گانوں کی موسیقی ترتیب دے رکھی ہے۔علاوہ ازیں وہ بھارت کے واحد موسیقار اور شوبز شخصیت ہیں، جنہیں فلمی دنیا کا اعلیٰ ترین ایوارڈ آسکر ملا جبکہ وہ بافٹا اور گولڈن گلوب جیسے اعلیٰ ایوارڈز بھی متعدد مرتبہ جیتنے والے واحد بھارتی ہیں۔رحمان نے اپنی پیشہ ورانہ زندگی کا آغاز اشتہارات کے لیے موسیقی ترتیب دینے سے کیا۔ جنوبی ہند کے ہدایتکار منی رتنم نے انہیں اپنی فلم “روجا” میں موقع دیا، جس کے لیے رحمان کو نیشنل ایوارڈ ملا۔ اس کے بعد انہوں نے بالی ووڈ اور ہالی ووڈ میں کئی کامیاب فلموں کے لیے موسیقی دی، جن میں “دل سے”، “رنگیلا”، “رنگ دے بسنتی”، اور “سلم ڈاگ ملینیئر” شامل ہیں۔2005میں رحمان نے جدید آلات سے لیس ایشیا کا سب سے بڑا سٹوڈیو قائم کیا۔ ان کی موسیقی مغربی دھنوں، صوفی سنگیت، اور کلاسیکی موسیقی کا حسین امتزاج پیش کرتی ہے۔ وہ صوفی ازم پر یقین رکھتے ہیں اور نصرت فتح علی خان کے عقیدت مند ہیں۔رحمان نے بے شمار ایوارڈز جیتے، جن میں آسکر، گولڈن گلوب، اور بافٹا شامل ہیں۔ 2009 میں وہ آسکر جیتنے والے پہلے ہندوستانی موسیقار بنے۔ ان کا البم “وندے ماترم” اور “کنکشنز” بھی بے حد مقبول ہوئے۔ رحمان کی موسیقی نے انہیں عالمی سطح پر ایک منفرد مقام دلایا۔
عمّارہ خان ایم فل ماس کمیونیکیشن کی طالبہ ہیں اور تقریباْ بارہ سال سے لکھنے کے کام سے منسلک ہیں۔“دل کا رشتہ“ایپ پر بھی خاندان اور شادی سے جڑے موضوعات پر لکھتی ہیں۔