اس سال تھائی لینڈ میں ہونے والے ’مس گرینڈ انٹرنیشنل کے مقابلوں میں پاکستانی اداکارہ اور ماڈل روما مائیکل نے بھی حصہ لیا لیکن ہندوستانی پنجاب سے تعلق رکھنے والی ریچل گپتا نے تھائی لینڈ میں منعقد ہونے والی مس گرینڈ انٹرنیشنل 2024 کا خطاب جیت لیا۔ مس گرینڈ انٹرنیشنل 2023 کی فاتح پیرو کی لوسیانا فوسٹر نے ریچل کو فتح کا تاج پہنایا۔ 25 اکتوبر کو منعقد ہونے والے مقابلے میں چار رنر اپ کا بھی اعلان کیا گیا۔فلپائن کی کرسٹین جولیان اوپیزا پہلی رنر اپ، میانمار کی تھائی سو نین سیکنڈ رنر اپ، فرانس کی سیفیتو کیبینگلے تھرڈ رنر اپ اور برازیل کی تالتا ہارٹ مین چوتھی رنر اپ ہیں۔جالندھر کی رہائشی ریچل گپتا ایک کامیاب ماڈل، اداکارہ اور کاروباری شخصیت ہیں۔
پاکستانی امیدوار روما مقابلہ تو نہ جیت سکیں لیکن پاکستان کے سوشل میڈیا پر اُن کا نام ان مقابلوں کے ایک راؤنڈ میں پہنے جانے والے لباس کی وجہ سے زیرِ گردش ہے اور اسی کی وجہ سے انھیں ٹرول کیا جا رہا ہے۔اس کی ابتدا اُس وقت ہوئی جب روما نے گذشتہ دنوں مقابلے کے ایونٹ ’سوئمنگ کاسٹیوم‘ کے دوران بنائی گئی اپنی ایک ویڈیو اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر پوسٹ کی جس میں وہ بِکنی میں ملبوس ہیں اور اپنا تعارف کروا رہی ہیں۔اس ویڈیو پر تنقید اس حد تک بڑھی کہ انھیں اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے اسے ڈیلیٹ کرنا پڑا۔
دوسری بحث کی ابتدا اس وقت ہوئی جب کلچرل راؤنڈ میں روما کاسنی رنگ کے لہنگے کے ساتھ چولی پہنے ریمپ پر واک کرتی نظر آئیں جس کے بعد انھوں نے پنجابی رقص کے سٹیپس بھی پیش کیے۔کئی صارفین نے روما کے لباس کو پاکستانی ثقافت کے منافی قرار دیا تو وہیں کچھ صارفین ایسے بھی ہیں جنھوں نے روما کی نہ صرف پاکستان کی نمائندگی کرنے پر ہمت افزائی کی بلکہ تنقید کرنے والوں کو بھی اپنی دانست میں احساس دلانے کی کوشش کی۔کشمیرہ میر نامی صارف نے لکھا کہ ’یہ بالکل بھی پاکستانی نہیں لگتا، سب سے پہلے ڈانس، یہ بالی وڈ سے متاثر ہے۔ دوسرا لباس، ایسے کپڑے پاکستانی کلچر نہیں بلکہ بھارت سے متاثر ہے۔
پاکستانی ماڈل و اداکارہ روما مائیکل اس سے قبل ’مس چارم پاکستان‘ اور ’مس گرینڈ پاکستان 2024‘ کا تاج اپنے سر پر پہننے کا اعزاز حاصل کر چکی ہیں۔وہ ماڈلنگ کے ساتھ ساتھ اداکاری بھی کرتی ہیں اور ڈرامہ سیریل ’تو زندگی ہے‘، ’تہہ دل‘ اور ’ پیاری نمو‘ کر نے کے ساتھ فلم ’دلی گیٹ‘ میں بھی نظر آ چکی ہیں۔ ایک انٹرویو میں روما مائیکل نے اپنی زندگی کے بارے میں بات کرتے ہوئے بتایا تھا کہ انھیں بچپن سے ہی ماڈلنگ کا شوق تھا اور اب تک وہ کافی کمرشلز میں کام کر چکی ہیں۔دلکش ماڈل و اداکارہ روما مائیکل نے مس گرینڈ پاکستان کا تاج سر پر پہن کر مس گرینڈ انٹرنیشنل کیلئے اپنی کمر کس لی۔روما مائیکل کا تعلق لاہور سے ہے جو پیشہ ورانہ ماڈل اور اداکارہ ہیں اور تعلیمی اعتبار سے بھی جدید دنیا کی پڑھائی بی ٹیک میں بیچلرز کی ڈگری حاصل کرچکی ہیں۔روما مائیکل نے فیشن کی دنیا میں بطور ماڈل اپنی پہچان بناتے ہوئے ٹاپ فیشن برانڈز کے ساتھ کام کیا ہے جبکہ انٹرٹینمنٹ انڈسٹری میں بھی شہرت حاصل کرتے ہوئے دو فیچر فلمز اور متعدد ڈراموں میں کام کر چکی ہیں۔
دلکش ماڈل اس سے قبل بھی بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کر چکی ہیں جن میں کانز فیشن وییک اور دبئی فیشن ویک بھی شامل ہیں ۔روما ایک ابھرتے ستارے کی مانند ہیں جو اپنے آرٹ اور اپنے ملک دونوں سے وفادار ہیں اور انکی سچی لگن اور انتھک محنت انکے خوابوں کو حقیقت کا روپ بھی دے سکتی ہے۔اکتوبر 2023 میں کراچی شہر کی ایریکا رابن نے بھی پاکستان جیسے روایت پسند معاشرے سے تعلق رکھنے کے باوجود ’مِس یونیورس‘ میں پاکستان کی نمائندگی کی تھی اور ان کو بھی اس وقت کم و بیش ایسی ہی تنقید کا سامنا رہا تھا۔
عمّارہ خان ایم فل ماس کمیونیکیشن کی طالبہ ہیں اور تقریباْ بارہ سال سے لکھنے کے کام سے منسلک ہیں۔“دل کا رشتہ“ایپ پر بھی خاندان اور شادی سے جڑے موضوعات پر لکھتی ہیں۔