شادی کے بعد کسی بھی مرد کے لیے سب سے اہم مسئلہ گھر والوں(جن میں والدین سب سے اہم ہیں)اور بیوی کے درمیان توازن قائم رکھنا ہوتا ہے اور اگر یہ توازن قائم نہ رکھا جائے تو خدشہ ہے کہ شادی شدہ زندگی میں بھی توازن قائم نہیں رہ پائے گا۔ماں کا کردار کسی بھی گھر کے لیے بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔گھر بنانا اور اس میں سب افراد کو یکجا رکھنے جیسا مشکل کام صرف ماں ہی کر سکتی ہے۔باپ کا کردار بھی گھر کے لیے بہت اہم ہے لیکن شادی کے بعد ماں کا زیادہ اہم اس لیے ہے کیونکہ شادی کے بعد دونوں رشتوں میں توازن نہ رکھنے کی صورت میں پورا گھر متاثر ہونے کا ڈر ہوتا ہے۔شوہر دو حصوں میں بٹ جاتا ہے اور بیوی اور ماں کی کھینچا تانی میں شادی جیسے رشتے سے بیزار ہو جاتا ہے۔ایسے حالات سے بچنے کے لیے ضروری ہے کہ مرد حضرات کچھ باتوں کو ذہن میں رکھیں۔
رشتوں کی اہمیت کو سمجھیں
جو سمجھدار آدمی ہوتے ہیں وہ جانتے ہیں کہ ہر رشتے کی اپنی اہمیت ہے اگر ماں کا رشتہ اہم ہے تو بیوی بھی اس کی زندگی میں اہم ترین کردار ہے تو جہاں ماں کی بات ماننی ضروری ہے وہیں بیوی کو راضی رکھنا بھی ضروری ہے۔اس لیے بہت ضروری ہے کہ ان رشتوں میں توازن کے لیے سمجھداری سے کام لیا جائے۔
صحیح اورغلط کا فرق
ضروری نہیں ہے کہ ماں اپن جذباتی پن میں سب کچھ ٹھیک کہہ رہی ہو یا بیوی کی ہر خواہش پوری کرنے کے قابل ہو بلکہ یہ سب ایک شوہر اور بیٹے پر انحصار کرتا ہے کہ وہ صحیح اور غلط کا فرق سمجھے اور جذباتی پن میں فیصلے نہ کرے کیونکہ رشتے سمجھداری سے نبھائے جاتے ہیں جذباتی پن سے نہیں۔
آپکی ماں اور آپکے بچوں کی ماں
جی یہ ہی حالات ہیں جن سے آپ کا واسطہ پڑ سکتا ہے یعنی ایک طرف ماں اور دوسری طرف بچوں کی ماں ہو اور سمجھ نہ آئے کہ کیا کیا جائے۔تو جناب جہاں آپ کے لیے آپ کی ماں سب سے زیادہ اہم ہے وہیں آپکے بچوں کے لیے ان کی ماں سب سے زیادہ اہم ہے اس لیے جو بھی فیصلے کریں اس بات کو ذہن میں رکھ کر کریں۔
دنیا اور آخرت کی فکر
کہتے ہیں کہ “جنت ماں کے قدموں تلے ہے” تو ماں کا رشتہ وہ رشتہ ہے جس کے ساتھ بہترین سلوک آپ کو جنت میں لے کر جا سکتا ہے اسی طرح یہ دنیا جنت بن جاتی ہے ۔اگر آپ کا اپنی بیوی کے ساتھ بہترین سلوک ہے تو ان دونوں کے ساتھ سلوک کرتے ہوئے سوچ لیں کہ آپکی دنیا اور آخرت میں بہتری کے لیے ضروری ہے کہ نہ صرف ان دونوں سے بہترین سلوک کیا جائے بلکہ اس میں توازن بھی رکھا جائے۔
عمّارہ خان ایم فل ماس کمیونیکیشن کی طالبہ ہیں اور تقریباْ بارہ سال سے لکھنے کے کام سے منسلک ہیں۔“دل کا رشتہ“ایپ پر بھی خاندان اور شادی سے جڑے موضوعات پر لکھتی ہیں۔