حالیہ دنوں اپنی طلاق کا جشن منانے والی پاکستانی نژاد امریکی خاتون کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی، جسے لوگوں نے طلاق کا جشن منانے پر کافی تنقید کا نشانہ بنایا، تاہم اب خاتون نے اس معاملے کی حقیقت بتا دی ہے۔ اس خاتون کا نام شہروز نور محمد ہے، جس نے بتایا ہے کہ وہ جس شخص کے ساتھ تعلق میں تھی، اس نے کورٹ میرج پر اکتفا کیا، نہ نکاح کیا اور نہ ہی شادی کی باقاعدہ تقریبات ہوئیں۔ شہروز نورسابق مس سائوتھ ایشیاء ورلڈ بھی رہ چکی ہے۔اپنے انسٹاگرام اکائونٹ پر ایک پوسٹ میں اس نے بتایا کہ ’’ میری دلی خواہش تھی کہ میری دھوم دھام سے شادی ہو تاہم اس شخص کی وجہ سے میری یہ خواہش کبھی پوری نہ ہو سکی، چنانچہ میں نے طلاق ہونے پر جشن منا کر اپنی خواہش پوری کر لی۔‘‘شہروز نور نے بتایا کہ ’’مجھے آدمی سے الگ ہونے اور طلاق لینے میں طویل وقت لگ گیا۔ میں نے اپنی شادی کی تقریبات کی بہت منصوبہ بندی کر رکھی تھی مگر وہ شادی کبھی ہوئی ہی نہیں، نہ اس شخص نے نکاح کیا اور نہ کوئی تقریب ہونے دی۔ صرف کورٹ میرج کی۔ مجھے اس جشن کی بہت ضرورت تھی کیونکہ اس نے مجھے میری شادی کی خوشی نہیں دی تو طلاق کی یہ تقریب اس کے منہ پر ایک تھپڑ تھا۔
اسی طرح کی ایک مثال گزشتہ سال مصر میں بھی دیکھنے کو ملی جب ایک مصری خاتون نے بے وفا شوہر سے طلاق پر ناصرف جشن منایا بلکہ سڑک پر کھڑے ہوکر راہ چلتے افراد کو سونے کے تحائف بھی تقسیم کیے۔ خاتون کا کہنا ہے کہ وہ اداس نہیں ہے، کیونکہ اس کی طلاق کی وجہ ازدواجی بے وفائی تھی۔خاتون نے ازدواجی بے وفائی کی کہانی اور اپنی طلاق پر نہ صرف خوشی منائی بلکہ راہ چلتے افراد کو سونے کے تحائف بھی پیش کیے۔سوشل میڈیا پر مصری خاتون کی وائرل ویڈیو پر صارفین کی اکثریت نےتنقید کی۔ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ خاتون، جو ایک بڑے کیک کے پیچھے کھڑی ہے جس پر لکھا تھا ”طلاق مبارک ہو۔ طلاق پر مبارک ہو،“ ۔
اس قسم کے وائرل ٹرینڈز ظاہر کرتے ہیں کہ جب ایک شادی خوشی کے بجائے دکھ کا باعث بنے تو اس کے اختتام پر اسی قسم کی باتیں سامنے آئیں گی۔اگر شادی کے رشتے کی اہمیت کو سمجھا جائے اور خلوص دل سے اسے نبھانے کی کوشش کی جائے تو شادی کا رشتہ مضبوط ہو سکتا ہے اور امید کی جا سکتی ہے کہ ایسی ویڈیوز وائرل نہ ہوں ،جو پوری دنیا میں دیکھی جاتی ہیں اور لاکھوں لوگوں کی دل آزاری اور شادی سے بے زاری کا باعث بنتی ہیں۔
عمّارہ خان ایم فل ماس کمیونیکیشن کی طالبہ ہیں اور تقریباْ بارہ سال سے لکھنے کے کام سے منسلک ہیں۔“دل کا رشتہ“ایپ پر بھی خاندان اور شادی سے جڑے موضوعات پر لکھتی ہیں۔