ہر سال بہار کے موسم آتا ہے تو چیری بلاسم کے پھولوں کی خوبصورتی بھی دیکھنے کو ملتی ہے ۔سفید اور گلابی رنگ کا یہ ننھاسا پھول جو پاکیزگی اور طہارت کی علامت سمجھا جاتا ہے۔تاریخی اعتبار سے چیری کے پیڑ اور اس کے پھول کی ابتداء اسلام آباد سے کچھ ہی دور کوہ ہمالیہ کے سلسلے سے منسوب کی جاتی ہے۔ وقت کے ساتھ ساتھ یہ درخت ہندوستان کے علاوہ یورپ، سائبیریا، امریکہ،کینیڈا سمیت چین، کوریا اور جاپان تک پھیل گیا۔پاکستان میں میں اس کے درخت گلگت بلتستان کے علاوہ،وادی نیلم،سکردو اور وادی ہنزہ میں بھی پائے جاتے ہیں۔
چیری بلاسم”جاپان کی روح”
چیری کے پھول کو جاپان کی روح کہا جاتاہے،یہ ان ثقافتی و سماجی علامات میں سے ایک ہے،جسے اس ملک کا چہرہ شمار کیا جاتا ہے،جیسے بلٹ ٹرین، سبز چائے، جدید الیکٹرونکس، ”سوشی“ وغیرہ۔یہ پھول س ملک کا قومی پھول ہونے کا اعزاز رکھتا ہے۔چیری کے درخت پر سارا سال کوئی پھل یا پھول نہیں اگتا اوربہار کے موسم میں چند دن کے لئے ان پر پھول کھلتے ہیں۔مارچ اپریل کے مہینوں میں ان پھولوں کے جوبن کی رُت ہے۔ان پھولوں کو دیکھنا ایک باقاعدہ تہوار ہے۔شاخوں پر پھول اگنے کے ساتھ ہی پوری دنیا سے لوگ انھیں دیکھنے آنے لگتے ہیں جسے مقامی زبان میں ”ہنامی“ کہتے ہیں جس کا لفظی مطلب ”پھول تکنا“ہے۔ اسے جاپانی سماج میں سب سے نمایاں تہوار کہا جائے تویہ غلط نہ ہو گا۔ جاپانی اپنے فن ِ باغبابی کے حوالے سے پورے عالم میں مشہورہیں۔انہوں نے چیری کی ایسی اقسام ایجاد کر لیں جن میں پھل نہیں لگتا مگر پھول زیادہ آتے ہیں۔آج کل یہ نمائشی اقسام ہی زیادہ مقبول ہیں۔چیری بلاسم کے ان پھولوں کو دیکھنے کے لیے اس سال پچاس لاکھ لوگوں نے جاپان کا رخ کیا جس سے معیشت کو بہت فائدہ ہوا۔
امریکہ میں چیری بلاسم
امریکہ کے دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں چیری بلاسم کے درختوں پرکھلے گلابی پھولوں کو دیکھنے کے لیے لوگوں کی بڑی تعداد واشنگٹن ڈی سی کا رخ کرتی ہے۔ چیری بلاسم کے زیادہ تردرخت واشنگٹن کے ٹائیڈل بیسن نامی علاقے میں جھیل کے کنارے موجود ہیں۔ رواں برس واشنگٹن ڈی سی میں چیری بلاسم فیسٹیول کا آغاز 20 مارچ سے ہوا ہے جو 14 اپریل تک جاری رہے گا۔
چین میں چیری بلاسم کی بہار
ہر سال چین کے پینگبا فارم پر لاکھوں چیری بلاسم کے پھول اگتے ہیں اور ان کو دیکھنے پوری دنیا سے سیاح آتے ہیں۔چیری بلاسم کے پھول اپنے اندر بے بہا خوبصورتی رکھتے ہیں جو آنے والوں کو اپنی طرف کھینچتے ہیں۔
سپین میں چیری بلاسم کا جادو
سپین میں بھی چیری بلاسم کے پھولوں کی نمائش ہوتی ہے۔پورے یورپ سے سیاح یہاں آتے ہیں اور سال میں ایک بار اگنے والے اس پھول کی خوبصورتی سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔
ترکی میں چیری بلاسم کی نمائش
جاپان میں کی جانے والی نمائش سے متاثر یہاں بھی جاپان کی طرح چیری بلاسم کو اپنی خوبصورتی بکھیرنے کا پور موقع دیا جاتا ہے اور دور دور سے لوگ اسے دیکھنے آتے ہیں۔
عمّارہ خان ایم فل ماس کمیونیکیشن کی طالبہ ہیں اور تقریباْ بارہ سال سے لکھنے کے کام سے منسلک ہیں۔“دل کا رشتہ“ایپ پر بھی خاندان اور شادی سے جڑے موضوعات پر لکھتی ہیں۔