سابق وزیر شیریں مزاری کی صاحبزادی اور انسانی حقوق کی کارکن اور وکیل ایمان زینب مزاری شادی کے بندھن میں بندھ گئیں۔ایمان مزاری کو انصاف کے محتاج لوگوں کی مدد کرنے کے لیے جانا جاتا ہے، وہ خواتین کے تشدد اور ظلم کے خلاف بھی آواز اٹھاتی آئی ہیں۔وہ ماضی میں جبری گمشدگیوں کے معاملے پر فوجی اسٹیبلشمنٹ پر سخت تنقید کرتی رہی ہیں جس کی وجہ سے انہیں اسلام آباد پولیس نے گرفتار بھی کیا تھا، والدہ شیریں مزاری کی گرفتاری پر بھی انہیں ان کے شانہ بشانہ کھڑے دیکھا گیا۔نیوز چینلز پر خبرنامے کا حصہ بنتے بنتےایمان مزاری کی شادی کی خبر نے سب کو حیران کر دیا۔
اٹھائیس دسمبر کی رات کو ایمان مزاری نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر تصویر شئیر کی کیپشن میں انگوٹھی کے ساتھ دل کے ایموجی بھی شئیر کیے۔ایمان مزاری کی ٹوئٹ کو ری ٹوئٹ کرتے ہوئے ان کے شوہر عبدالہادی نے لکھا کہ ’میں نے جس سے محبت کی، اس سے شادی کرلی ہے۔‘عبدالہادی کے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس کے بائیو کے مطابق وہ بھی انسانی حقوق کے وکیل،ایگزیکٹو ڈائریکٹر، فیئر ٹرائل ڈیفینڈرز کے بانی ہیں۔شای کے دن ایمان مزاری کو آف وائٹ کڑھائی والی جارجٹ ساڑھی پہنے دیکھا جا سکتا ہے اور ان کی دونوں کلائیوں پر سفید پھول ہیں۔جبکہ دولہے نے سفید رنگ کی شیروانی کے ساتھ سفید رنگ کے واسکٹ کا انتخاب کیا ہے اور ساتھ ہی کریم رنگ کی پگڑی بھی پہن رکھی ہے۔شئیر کی جانے والی ویڈیو میں ایمان مزاری کو عبد الہادی کے سنگ رخصت ہوتے دیکھا جا سکتا ہے۔قرآن پاک کے سائے میں رخصت کی جانے والی ایمان روائتی سجی سجائی گاڑی کے بجائے جیپ میں بیٹھ کر پیا گھر گئیں۔رخصتی کے وقت ایمان کی والدہ اور سابق پی ٹی آئی رہنما شیریں مزاری بھی ہمراہ دیکھی جا سکتی ہیں ۔خاص بات وہاں موجودخواجہ سرائوں کی مو جودگی تھی جنہوں نے دلہن کی والدہ کو دیکھ کر نعرہ لگایا”شیریں مزاری کا تو دل دیوانہ ہے”۔ان کی دلچسپ دعائوں نے سبھی کو محظوظ کیا ،دلہا اور دلہن کے لیے گانوں کے علاوہ انہوں نے وزیر خزانہ بننے کی بھی دعا دی۔اس دعا پر وہاں موجود سبھی افراد کے چہروں پر مسکراہٹ دوڑ گئی۔
ملتان میں ولیمے کی تقریب کا انعقاد کیا گیا ، جس میں ایمان مزاری نے آتشی رنگ کا عروسی جوڑا پہنا جبکہ دلہاعبدالہادی نے تقریب کی مناسبت سے تھری پیس سوٹ زیب تن کیا۔
زندگی کے نئے سفر کا آغاز کرنے پر ساتھی وکلا اور دوستوں نے جہاں ایمان مزاری کو مبارک باد پیش کی وہیں ایمان مزاری کی خاموشی سے شادی اور پھر اچانک سوشل میڈیا پر شادی کی تصویر کے ساتھ اعلان پر حیرت میں مبتلا نامور سماجی کارکن و گلوکار شہزاد رائے نے بھی تبصرہ کیا جوکہ کافی وائرل ہوا۔شہزاد رائے نے ایمان مزاری کی شادی کی تصویر کو ری پوسٹ کرکے اس جوڑے کو شادی کی مبارکباد دیتے ہوئے مزاحیہ انداز اپنا کر لکھا کہ ’جب دو کارکنوں کی شادی ہوجائے تو تیزی سے سرگرمیوں کی ضمانت دی جاسکتی ہے‘۔
امید کی جا رہی ہے کہ یہ نئی بننے والی جوڑی نہ صرف ایک کامیاب زندگی گزاری گی بلکہ بہتر پاکستان کے لیے ایک بہتر انداز میں کام بھی کرے گی۔
عمّارہ خان ایم فل ماس کمیونیکیشن کی طالبہ ہیں اور تقریباْ بارہ سال سے لکھنے کے کام سے منسلک ہیں۔“دل کا رشتہ“ایپ پر بھی خاندان اور شادی سے جڑے موضوعات پر لکھتی ہیں۔