اداکارہ صبا فیصل کے بیٹے ارسلان فیصل شادی کے بندھن میں بندھ گئے،ان کے چھوٹے بیٹے کی شادی کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل رہیں ۔ ارسلان فیصل اور ڈاکٹر نیشا طلعت کی رسم ڈھولکی اور ابٹن کی تقریبات کے پیش نظر اداکارہ کا گھر پھولوں، برقی قمقموں اور دیگر سجاوٹی سامان سے سجایا گیا۔فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اداکارہ صبا فیصل کو ناصرف ڈھولکی و ابٹن کے موقع پر خوشگوار انداز میں ناچتے گاتے دیکھا جاسکتا ہے بلکہ شادی کی تقریبات کے باقاعدہ آغاز سے قبل ڈانس پریکٹس کرتے ہوئے بھی دیکھا جاسکتا ہے۔انہوں نے سیاہ رنگ کا لباس زیب تن کیا جبکہ دولہا نے سبز رنگ کے شلوار قمیض کا انتخاب کیا۔اس کے علاوہ ان کے بڑے بیٹے نے بھائی کی ڈھولکی کے لیے نیلے رنگ جبکہ والد نے خاکی رنگ کے شلوار قمیض کا انتخاب کیا۔سینئر اداکارہ کی اکلوتی بیٹی سعدیہ فیصل نے اپنے چھوٹے بھائی کی ڈھولکی و ابٹن کی مناسبت سے پیلے رنگ کا لہنگا پہنا جس میں ان کی خوبصورتی مزید بڑھ گئی۔
View this post on Instagram
شادی کی شاندار اور پروقار تقریب کی تصاویر اور ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہیں۔شادی کی تقریب میں شوبز انڈسٹری سے اداکار جاوید شیخ، بہروز سبزواری، ہمایوں سعید، یاسر نواز، فیصل قریشی، ندا یاسر، عائزہ خان، زارا نور عباس، سعدیہ امام اور دیگر شامل تھے۔صبا فیصل اور ان کی فیملی بذریعہ سڑک کراچی پہنچی، ارسلان فیصل کی سحرا بندی اور بارات کی تصاویر سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہیں، ارسلان فیصل کی شاندار شادی کی تقریب میں ارسلان اور سلمان فیصل سمیت سعدیہ فیصل نے بھی رقص کیا۔
View this post on Instagram
یہ ایک شاندار تقریب تھی اور اس کے وائرل ہونے کی وجوہات کچھ اور بھی تھیں ۔آئیے کچھ ان پر بھی بات کرتے ہیں۔
سب سے اہم وہ ویڈیو ہے جو رواں سال کےآغاز پر صبا فیصل نے اپنےبڑے بیٹے اور بہو سے لا تعلقی کے لیے بنائی اور شئیر کی اس ویڈیو پر بہت باتیں ہوئیں،بہو بیٹا نے بھی اپنے موقف کا اظہار کیا اور پھر صبا فیصل نے وہ ویڈیو بھی شئیر کی جس میں انہوں نے اپنی غلطی کا اعتراف کیا اور پھر ایک پرو گرام میں ان غلطیوں پر بھی بات کی جو وہ اپنے چھوٹے بیٹے کی شادی پر نہ کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔چھوٹے بیٹے کی شادی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے صبا فیصل نے کہا کہ ’میں نے ڈیزائنرز کو دیکھتے ہوئے اپنی بہو کی شادی کے لباس کے آرڈر دیے ہیں، ایچ ایس وائی ولیمے کے لیے دولہا اور دلہن دونوں کے ملبوسات بنا رہا ہے۔ میں اپنی بہو کی بارات کا ڈریس بھی بنانا چاہتی تھی لیکن اس نے مجھے منع کر دیا، اب وہ خود بارات کے ملبوسات تیار کر رہی ہے۔ اس بار میں پچھلی بار کی طرح زیادہ تقریبات نہیں کروں گی کیونکہ بارات لاہور سے کراچی پہنچے گی‘۔اداکارہ نے مزیدکہا کہ ’میں نے پچھلی بارگیارہ تقریبات کی تھیں لیکن اب میں شادی کی مرکزی تقریب کے بعد صرف میلاد اور ولیمہ ہی کروں گی اور بس‘۔
اداکارہ صبا فیصل ایک کامیاب اداکارہ ہیں جو عام طور پر با اثر خواتین کے رول ہی ادا کرتی نظر آتی ہیں اور اب عملی زندگی میں بھی وہ کامیاب نظر آرہی ہیں اور اس کی سب سے اہم وجہ ان کا اپنی غلطی تسلیم کرنا اور ان کو دوبارہ نہ دہرانے کا عزم ہے۔انسان غلطی کا پتلا ہے لیکن جب وہ اپنی غلطی کو مان لیتا ہے تو پھر وہ ایک عظیم انسان بن جاتا ہے اور ہمیں بھی اس سے سبق لینے کی ضرورت ہے۔
عمّارہ خان ایم فل ماس کمیونیکیشن کی طالبہ ہیں اور تقریباْ بارہ سال سے لکھنے کے کام سے منسلک ہیں۔“دل کا رشتہ“ایپ پر بھی خاندان اور شادی سے جڑے موضوعات پر لکھتی ہیں۔