اپنی شادی کے شاندار لمحو ں کو محفوظ کرنے کے لیے نئے جوڑے لاکھوں روپے خرچ کر کے فوٹو شوٹ کرواتے ہیں اور اس کے لیے مہنگی مہنگی آوٹ ڈور لوکیشنز بھی ڈھونڈتے ہیں تاکہ شادی کی خوبصورت تصویریں البم میں قید کی جا سکیں۔لیکن ان لمحوں کو یاد گار بنانے کے لیے جوڑے طرح طرح کے اندازبھی اپناتے ہیں۔ اسی طرح کے فوٹو شوٹس کا ہم اس بلاگ میں ذکر کریں گے۔
پٹرول پمپ فوٹو شوٹ
گزشتہ دنوں ایک ایسا فوٹو شوٹ وائرل ہو گیا جس میں دولہا دلہن کو ایک پٹرول پمپ پر دیکھا جا سکتا ہے۔ سوشل میڈیا پر نبیل نامی فوٹوگرافی پیج پر سلمان اور سحر نامی ایک جوڑے کی چند تصاویر شیئر کیں گئیں ۔ ان تصاویر میں دولہا دلہن کو کسی تاریخی یا خوبصورت مقام کے بجائے پیٹرول پمپ پر فوٹو شوٹ کرواتے دیکھا گیا۔پیٹرول پائپ کے ذریعے گاڑی میں پیٹرول ڈالتی دلہن کی معصومیت اور دولہے کی مسکراہٹ نے سوشل میڈیا صارفین کی توجہ اپنی جانب سمیٹی جبکہ سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بھی فوٹو شوٹ پر مزاحیہ تبصرے دیکھنے کو ملے۔
پاکستانی خاتون کرکٹرکا انوکھا انداز
قومی کرکٹ ٹیم کی خاتون کرکٹر کا “بیٹنگ ویڈنگ” فوٹو شوٹ بھی سوشل میڈیا پروائرل ہوگیا تھا ۔قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی آل راؤنڈر کائنات امتیازنے بیٹنگ کے انداز میں اپنی شادی کا فوٹو شوٹ کروایا، جو سوشل میڈیا پر ان کے مداحوں کو پسند آیا۔تاہم سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی تصویر میں دیکھا جاسکتا تھا کہ کائنات امتیاز نے لال شادی کا جوڑا زیب تن کیا ہوا ہے، ساتھ ہی بَلے کے ساتھ بیٹنگ کرنے کے انداز میں تصاویر لی ۔
سیگریٹ کا کش لگاتا ہوا جوڑا
لاہور کے ایک فوٹوگرافر نے اپنے انسٹا گرام اکاونٹ پر ایک شادی کی فوٹوگرافی کے دوران بنائی گئی ویڈیو شیئر کی جس میں دولہا بڑی خوشی سے مسکراتے ہوئے اپنی دلہن کو سگریٹ پلا رہا ہے،دلہن بھی سگریٹ کا کش لگاتی ہے جس کے بعد دولہا بڑے فخریہ انداز کی دلہن کی طرف دیکھتا ہے او ر پھر خود بھی کش لگاتا ہے۔یہ ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی۔
ریل کی پٹڑی پر فوٹو شوٹ
برطانیہ کے نارتھ یارکشائر علاقے میں ایک جوڑے کے ریل کی پٹری پر شادی کی تصویریں کھنچوانے کے بعدعوام کی جانب سے انھیں شدید مذمت کا سامنا کرنا پڑا تھا۔جاری ہونے والی ایک سی سی ٹی وی فوٹیج میں انھیں وٹبی کے نزدیک ریلوے لائن پر کھڑے تصویریں کھنچواتے پایا گیا تھا۔برطانیہ کے محکمہ ریل نے کہا کہ اس طرح سیلفیاں کھینچنا یا فوٹو شوٹ کروانا محض بیوقوفی ہے۔ریلوے لائن پر فوٹو شوٹ کی تصاویر سوشل میڈیا پر ڈالنے کے بعد تنقید کی زد میں آنے والے اداکار ایلس ہولِنس کو جولائی میں معافی مانگنے پر مجبور ہونا پڑا تھا۔
گڑھوں سے بھری سڑک پر دلہن
بھارتی ریاست کرالہ سےتعلق رکھنے والی ایک دلہن کا فوٹو شوٹ اس وجہ سے وائرل ہو ا کیونکہ دلہن گٹر کے پانی سے بھری گڑھوں والی سڑک پر چلتی نظر آئی۔انسٹاگرام پر بھارتی دلہن کی تصاویر اور ویڈیو میں دیکھایا گیا کہ دلہن روایتی عروسی ساڑھی میں ملبوس ہے جب کہ ان کے عقب میں لوگ بھی معمول کے مطابق گزر رہے ہیں لیکن دلہن سب سے بے نیاز اپنا فوٹو شوٹ کرانے میں مصروف ہے۔
عمّارہ خان ایم فل ماس کمیونیکیشن کی طالبہ ہیں اور تقریباْ بارہ سال سے لکھنے کے کام سے منسلک ہیں۔“دل کا رشتہ“ایپ پر بھی خاندان اور شادی سے جڑے موضوعات پر لکھتی ہیں۔