سوشل میڈیا پر شاہین آفریدی کی شادی کی ویڈیوز اور تصاویر وائرل ہورہی ہیں اور صارفین کی جانب سے فاسٹ بولر کو مبارک باد دی جارہی ہیں۔پاکستان کرکٹ کے ہر دلعزیز فاسٹ بولرشاہین شاہ آفریدی کے23فروری میں نکاح کے بعد پورے پاکستان کے لوگ ان کی شادی کا بے تابی سے انتظار کررہے تھے اور پھر ستمبر میں وہ وقت آ بھی گیا جب شاہین شاہ افریدی اور شاہد آفریدی کی دوسری بیٹی انشا کی شادی بہت دھوم دھام سے ہوئی ،اس سے پہلے دسمبر میں شاہد آفریدی کی پہلی بیٹی کی شادی نصیر خان سے ہوئی تھی لیکن اس شادی کووہ مقبولیت نہیں ملی جو دوسری بیٹی انشا کی شادی کو ملی کیونکہ اب کے دلہا شاہین شاہ آفریدی تھے ۔
شاہین شاہ آفریدی اور انشا کی مہندی کی تقریب شاہد آفریدی کے گھر کراچی میں ہوئی جس کیلئے گھر کو دلہن کی طرح سجایا گیا ،مہندی میں اہل خانہ اور قریبی رشتہ داروں ، دوستوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر شاہد آفریدی کو اپنے داماد شاہین آفریدی کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے بھی دیکھا گیا جبکہ انہوں نے کھانا بھی ایک ہی ساتھ بیٹھ کر کھایا۔
شاہد آفریدی کی صاحبزادی انشا آفریدی کی تقریب رخصتی 19ستمبرمنگل کی شب ڈی ایچ اے کے نجی بینکوئٹ ہال میں ہوئی۔سفید کپڑوں کے ساتھ کریم رنگ کی شیروانی میں ملبوس دلہا شاہین آفریدی اپنے قریبی عزیز و اقارب اور رشتے داروں کے ہمراہ بارات لیکر پہنچے تو شاہد خان آفریدی نے ان کا استقبال کیا۔
تقریب میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم، سابق ٹیسٹ کپتان مصباح الحق، سعید انور سمیت دیگر کرکٹرز نے شرکت کی۔شوبز کی معروف شخصیات، سیاستدان، غیر ملکی سفارت کار، اعلیٰ عسکری و سول حکام اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد بھی شریک تھے۔قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم شادی کی تقریب میں شرکت کے لیے دبئی سے خصوصی طور پر کراچی پہنچے اور انہوں نے شاہین شاہ آفریدی کو اس مبارک موقع پر مبارکباد پیش کی ۔مشروبات کے بعد شرکا تقریب کی تواضع مختلف اقسام کے کھانوں سے کی گئی۔
تقریب ولیمہ 21 ستمبر جمعرات کو اسلام آباد میں منعقد ہوئی جس میں ساتھی کھلاڑیوں نے شرکت کی۔ولیمے کی تقریب میں شاہین آفریدی نے کالے رنگ کا سوٹ زیب تن کررکھا تھا۔ولیمے میں قومی کرکٹرز بابر اعظم، شاداب خان، امام الحق، حارث رؤف، نسیم شاہ، فخر زمان اور محمد رضوان بھی موجود تھے۔اس کے علاوہ اولمپیئن ارشد ندیم، سابق کرکٹر عاقب جاوید، رمیز راجہ بھی شاہین آفریدی کے ولیمے میں شریک تھے۔
عمّارہ خان ایم فل ماس کمیونیکیشن کی طالبہ ہیں اور تقریباْ بارہ سال سے لکھنے کے کام سے منسلک ہیں۔“دل کا رشتہ“ایپ پر بھی خاندان اور شادی سے جڑے موضوعات پر لکھتی ہیں۔