شادی کا مطلب خوشی منانا ہے اور اس دن دلہا اور دلہن دونوں کے گھر والوں کی طرف سے ہر ممکن کوشش کی جاتی ہے کہ اس دن کو زیاہ سے زیادہ بھر پور طریقے سے گزارا جائے اور دلہا اور دلہن دونوں کے لیے ایک یاد گار دن بنایا جائے۔شادی کے تمام دنوں میں سجاوٹ کا بہت خیال رکھا جاتا ہے اور دلہن کے کمرے پر تو سب کی ہی خصوصی توجہ ہوتی ہے۔اس موقع پر دلہا اور دلہن کے گھر والوں اور دوستوں کی کوشش ہوتی ہے کہ ان کے کمرے کو زیادہ سے زیادہ خوبصورت بنایا جائے اور اس کے لیے ماہرین کی بھی مدد لی جاتی ہے تاکہ کمرہ سجانے میں کوئی کمی نہ رہ جائے۔لیکن آج ہم آ پ کے لیے دلہن کےکمرے کو سجانے کے لیے کچھ آئیڈیاز لے کر آئے ہیں تاکہ آپ کے خاص دن کو مزید خاص بنایا جائے۔آئیے معلوم کرتے ہیں کہ آپ کن کن طریقوں کو آزما سکتے ہیں۔
روائتی انداز
پاکستان کی ثقافت بہت زیادہ رنگین ہے اور پاکستانی قوم ثقافت کے لحاظ سے بہت امیر قوم ہے تو جب بات ہو سجاوٹ کی تو ثقافتی انداز کو کبھی نہیں بھول سکتے۔دلہن کے کمرے کو سجاتے ہوئے بیڈ شیٹ اور کشنز پر روائتی انداز کی کڑھائی اور سجاوٹ کو استعمال کیا جا سکتا ہے۔اسی طرح دیواروں پر اجرک اور روائتی انداز کی سجاوٹ کا استعمال کیا جا سکتا ہے۔اس کے علاوہ تانبے اور دھات کی بنی لالٹین اور ٹرک آرٹ کا بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔
پھولوں کی سجاوٹ
پھولوں سے سجاوٹ کر کے دلہن کے کمرے کوبہت خوبصورت بنایا جا سکتا ہے۔پھول ہمیشہ سے ہی خوبصورتی کے لیے استعمال ہوتے رہے ہیں کیونکہ خوبصورتی کے علاوہ یہ خوشبو سے بھی ماحول کو معطر کر دیتے ہیں۔دلہن کے کمرے کے لیے گلاب،چنبیلی موتیا اور گیندے کے پھولوں کا استعمال کیا جا سکتا ہے۔۔آپ پھولوں سے بیڈ کے علاوہ سائیڈ ٹیبل کو بھی سجا سکتے ہیں،اس کے علاوہ پورے کمرے میں کہی بھی ان کا استعمال کیاجا سکتا ہے۔ان کی خوشبو پورے کمرے کو معطر کر کے ایک رومانوی ماحول بنا دے گی اور تازگی بھی محسوس ہوگی۔
لائٹس کا استعمال
لائٹس کے استعمال سےبھی کمرے کی خوبصورتی کو دو چندکیا جا سکتا ہے۔آپ پردوں پر فئیری لائٹس کا استعمال کر سکتے ہیں اس کے علاوہ سائٹ ٹیبل پر بھی لائٹس کا استعمال ہو سکتا ہے۔اسی طرح دیواروں پر بھی لائٹس کے ذریعے ڈیکوریشن کر سکتے ہیں۔ہلکی ہلکی روشنیاں دلہن کے کمرے میں ایک جا دوئی ماحول بنا دیتی ہیں اس کے علاوہ کینڈ ل لائٹس بھی رومانوی ماحول بنانے کے لیے استعمال کی جا سکتی ہیں۔
جدید انداز
وہ جوڑے جو جدید انداز کی سجاوٹ پسند کرتے ہیں ان کے کمرے میں کم سے کم فرنیچر کا استعمال اور سوفٹ کلرز کے استعمال سے جدیدیت پیدا کی جا سکتی ہے۔ایسے انداز میں کمرے زیادہ سے زیادہ پر سکون ماحول بنانے کی کوشش کی جاتی ہے اور سفید رنگ کا زیادہ استعمال کیا جاتا ہے۔
ذاتی معلومات پر مبنی سجاوٹ
دلہا اور دلہن کے کمرے کو ان کی ذاتی زندگی سے متعلق اشیاء سے بھی سجایا جا سکتا ہے اور سجاوٹ کا یہ انداز کمرے میں انوکھا پن پیدا کر ے گا اور خوبصورت بھی لگے گا۔اس کمرے میں دلہا اور دلہن کی شخصیت جھلکتی ہے اور دیکھنے والوں کے لیے دلچسپی کا سامان ہوتا ہے۔اس سجاوٹ کے لیے آپ فریمز کا استعمال کر سکتے ہیں اور تکیوں اور کشنز کا بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔اسی طرح ایسی اشیاء کا استعمال کر سکتے ہیں جو دلہا اور دلہن کی جذباتی وابستگی کو ظاہر کریں۔
عمّارہ خان ایم فل ماس کمیونیکیشن کی طالبہ ہیں اور تقریباْ بارہ سال سے لکھنے کے کام سے منسلک ہیں۔“دل کا رشتہ“ایپ پر بھی خاندان اور شادی سے جڑے موضوعات پر لکھتی ہیں۔