گذشتہ کچھ عرصہ سے کئی غیر ملکی خواتین پاکستانی نوجوانوں کی محبت میں مبتلا ہو کر یہاں آئیں اور شادی کی۔ غیر ملکی خواتین سے شادی کرنے والے نوجوان بظاہر بہت خوش نظر آتے ہیں جبکہ غیر ملکی خواتین بھی کہتی ہیں کہ انہیں پاکستان آ کر بہت اچھا لگا،وہ یا تو یہیں پر رہائش اختیار کریں گی یا پھر اپنے شوہر کو ساتھ لے کر واپس اپنے ملک چلی جائیں گی۔ ان تمام جوڑوں کی دوستی سوشل میڈیا پر ہوتی تھی جو جلد ہی پیار میں بدل جاتی اور پھر وہ شادی کرنے کا فیصلہ کرتے۔ایسی شادیوں کے انجام کچھ ملے جلے رہتے ہیں کچھ کے لیے یہ بہت خوشگوار تجربہ رہتا ہے جبکہ کچھ نا خوشگوار واقعات بھی سامنے آئے۔آئیےاس تحریرمیں ایسے تجربات کے کچھ فائدے اور مسائل پر بات کرتے ہیں۔
غیر ملکیوں سے شادی کرنے کے فوائد
آج کے ٹیکنالوجی کے دور میں فاصلے سکڑ کر رہ گئے ہیں اور اب بین الاقوامی رشتے اور شادیاں ہونا عام سی بات ہو گئی ہے۔ان شادیوں کے کیا فوائد ہیں آئیے ان پر بات کرتے ہیں۔
سیاحت کا موقع
جب آپ کسی غیر ملکی سے شادی کرتے ہیں تو آپ کے پاس دوسرے افراد کی نسبت سیاحت کے زیادہ مواقع ہوتے ہیں اور اس طرح آپ ایک غیر ملکی سے شادی کرنے کے بعد سیاحت کا شوق بھی پورا کر سکتے ہیں۔
نئی زبان سیکھنے کا موقع
جب آپ ایک غیر ملکی کے ساتھ اپنی ساری زندگی گزارنے کا فیصلہ کرتے ہیں تو آپ کو اس کے ساتھ بہتر تعلقات اوور اس کے خیالات اور جذبات کو بہتر طریقے سے سمجھنے کے لیے اس کی زبان کو بھی سیکھنا پڑے گا اور اس طرح آپ کی زبان کی صلاحیت دوسرے افراد کی نسبت زیادہ بہتر ہو جائے گی۔
مختلف ثقافتوں سے آگاہی
جب آپ ایک مختلف ثقافت سے تعلق رکھنے والے فرد کے ساتھ زندگی گزارنے کا فیصلہ کریں گے تو آپ کو اس کی ثقافت کے بارے میں بھی جاننا پڑے گا اور اگر ایسا کریں گے تو یہ آپ کے لیے اور آپ کے ہم سفر دونوں کے لیے بہتر ہو گا۔
انواع و اقسام کے کھانے
ہر علاقے اور ملک کے اپنے روائتی کھانے ہوتے ہیں اور جب دو مختلف ثقافتوں یا ممالک سے تعلق رکھنے والے زندگی گزارنے کا ٖفیصلہ کرتے ہیں تو ان دونوں کے ممالک کے کھانے بھی گھر میں بنتے ہیں اور یوں ایسے گھروں میں ذائقے کا معیار دوسرے گھروں سے زیادہ بہتر ہوتا ہے۔
دہری شہریت
جب آپ کسی غیر ملکی سے شادی کرتے ہیں تو آپ دہری شہریت کے بھی حامل ہو جاتے ہیں، جس کے کئی فوائد ہیں جن سے اپنی اور اپنے شریک حیات کی زندگی کو بہتر بنا سکتے ہیں۔
بین الاقوامی سطح پر کام کرنے کے مواقع
جب آپ ایک غیر ملکی سے شادی کا فیصلہ کرتے ہیں تو آپ ایک بین الاقوامی شہری بن جاتے ہیں اور یوں آپ کو بین الاقوامی سطح کے کام اور کاروبار کی بھی آگاہی ملتی ہے اور اس طرح آپ اس سے مالی فوائد بھی حاصل کر سکتے ہیں۔
غیر ملکی سے شادی کر نے کے مسائل
اگرچہ غیر ملکی سے شادی کرنے کے کافی فوائد ہیں لیکن کچھ مسائل بھی ہیں جن کا آپ کو خاص طور پر اپنے تعلق کے آغاز پر سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
دو افراد جو اپنی پوری زندگی ساتھ گزارنا چاہتے ہیں اگر دو مختلف ممالک سے تعلق رکھتے ہوں تو ان کی زبانیں بھی مختلف ہوتی ہیں اور اس طرح ایک دوسرے کو اپنی بات سمجھانے میں کافی مشکل پیش آتی ہے۔
جب آپ مختلف ثقافتوں سے تعلق رکھتے ہوں تو ایک دوسرے کو سمجھنے کے لیے ایک دوسرے کی ثقافتوں کو بھی سمجھنا پڑتا ہے۔اگرچہ شروع میں یہ کافی مشکل ہوتا ہے لیکن جہاں محبت کا جذبہ ہو وہاں سب ممکن ہو جاتا ہے۔
جب دو ممالک کے لوگ ایک ساتھ زندگی گزارنے چاہتے ہیں تو سب سے پہلے قانون رکاوٹ بنتا ہے اور آپ کو قوانین کے تقاضے پورے کرنے پڑتے ہیں۔
کوئی بھی فرد اکیلا دنیا پر نہیں آتا بلکہ اس کے ساتھ اس کا ایک خاندان اور رشتے بھی ہوتے ہین ایسے میں جب آپ ایک غیر ملکی سے شادی کر رہے ہوں تو ضروری ہے کہ آ پ کا خاندان بھی اسے آپ کی طرح ہی قبول کرے۔
جب دو مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے افراد ایک جگہ زندگی گزارنے کا فیصلہ کرتے ہیں تو ایک کو اپنے آبائی ملک اور جگہ سے جدائی دیکھنی پڑتی ہے اس لیے آغاز میں یہ بھی ایک مسئلہ ہے جس سے سمجھداری سے نبٹنے کی ضرورت ہے۔
عمّارہ خان ایم فل ماس کمیونیکیشن کی طالبہ ہیں اور تقریباْ بارہ سال سے لکھنے کے کام سے منسلک ہیں۔“دل کا رشتہ“ایپ پر بھی خاندان اور شادی سے جڑے موضوعات پر لکھتی ہیں۔