پاکستانیوں سے زیادہ بہتر کوئی نہیں جانتا کہ شادی کی عام تقریب کو کس طرح ایک شاندار تقریب میں بدلا جا سکتا ہے۔تاہم، اگر کوئی مہنگی شادی کرنے کی طاقت نہیں رکھتا تو فکر نہ کریں شادی کو کم پیسوں میں بھی خوبصورت اور یادگار بنایا جا سکتا ہے۔بس تھوڑی سی تخلیقی سوچ اور مہارت سے آپ اپنے مہمانوں کو حیران کر سکتے ہیں۔آپ کے لیے کچھ ٹپس پیش کی جا رہی ہیں جن کی مدد سے کم بجٹ میں بھی اچھی شادی کا انتظام کیا جاسکتا ہے۔
خاص اور قریبی لوگوں تک محدود رکھیں
شادی کا انتظام کرتے ہوئے پیسے بچانے کا سب سے بہترین طریقہ یہ ہے کہ اسے چھوٹا رکھا جائے اور صرف قریبی افراد کو بلایا جائے،یہ وہ افراد ہوں گے جو واقعی آپ کی شادی کا حصہ بننے پر خوش ہوں گے اور نقص نکالنے کے بجائے آپ کی کوششوں کی تعریف کریں گے اس کے علاوہ جب آپ بہت زیادہ لوگوں کو بلائیں گے تو ان کے دعوتی کارڈز،کھانے اور شادی ہال پر خرچ ہونے والے پیسے بھی بچیں گے۔
شادی ہالز پر پیسے ضائع نہ کریں
شادی کی تقریب میں شادی کی جگہ کی بہت اہمیت ہوتی ہے،اس لیے اس کا انتخاب بہت سوچ سمجھ کر کریں۔اگر آپ پیسے بچانا چاہتے ہیں تو شادی کی تقریب کسی مقامی پارک یا کمیونٹی سنٹر میں بھی کی جا سکتی ہے اور اگر گھر میں لان ہے تو یہ تقریب وہاں بھی ہو سکتی ہے۔اس طرح شادی ہالز یا فارمز کرایے پر لینے کے خرچے سے بچا جا سکتا ہے۔
سجاوٹ خود کریں
اپنی شادی پر پیسے بچانے کا ایک طریقہ یہ بھی ہے کہ شادی کی تقریب کی سجاوٹ آپ خود کریں۔کم پیسوں سے اچھی سجاوٹ کرنے کے کئی طریقے آپ کو آن لائن مل سکتے ہیں۔کاغذ سے بنی سجاوٹی اشیاء اور لالٹین سے لے کر کپڑے سے بنی سجاوٹی اشیاء اور اسی طرح کی دوسری اشیاء سے شادی کی تقریب کو بہت خوبصورت بنایا جا سکتا ہے۔
ثانیہ شعیب کے اکاؤنٹ سے بہت مدد مل سکتی ہے
https://www.instagram.com/reel/Cm31aHJr6h2/?igshid=MWMzM2Q4ZmE=
ڈیزائنرز پر پیسے خرچ نہ کریں
پاکستانی روائتی شادی کے جوڑے بہت زیادہ سجاوٹ سے بھر پور ہوتے ہیں اور ان پر بے تحاشا پیسہ خرچ کیا جاتا ہے۔تاہم آپ کو بہت سے مقامی درزی مل سکتے ہیں جو آپ کے بجٹ کے مطابق آپ کا جوڑا تیار کر سکتے ہیں۔ان کے مشورے سے ایسا جوڑا تیار ہو سکتا ہے جو آپ کے بجٹ پر بھاری نہ پڑے۔
کھانے کا خرچا کم کریں
جب آپ کم پیسوں میں شادی کرنا چاہیں تو سب سے اہم خرچا کھانے کا ہوتا ہے اور کھانے کے پیسے بچا کر شادی کے خرچے کو بہت کم کیا جا سکتا ہے۔اس خرچے کو کم کرنے کا طریقہ یہ ہے کہ ڈشز کی تعداد کو ذائقے کو متاثر کئے بغیر کم کر دیا جائے یا پھر باقائدہ کھانے کے بجائے سنیکس جیسے چاٹ،سموسہ، وغیرہ پر مشتمل مینیو تیار کیا جائے،مہمان بھی یہ سب کھا کر خوش ہوں گے۔
ان ٹپس پر عمل کر کے آپ پاکستان میں ایک چھوٹے بجٹ کی شادی بہت آسانی سے کر سکتے ہیں۔ایسی شادی شاندار بھی ہو گی اور بجٹ پر بھاری بھی نہیں ہو گی۔صرف تھوڑی سی تخلیقی صلاحیت اور محنت سے آپ ایسی شادی کرنے میں کامیاب ہو سکتے ہیں جو سالوں تک یاد رکھی جائے گی۔
عمّارہ خان ایم فل ماس کمیونیکیشن کی طالبہ ہیں اور تقریباْ بارہ سال سے لکھنے کے کام سے منسلک ہیں۔“دل کا رشتہ“ایپ پر بھی خاندان اور شادی سے جڑے موضوعات پر لکھتی ہیں۔