جسمانی صحت کے ساتھ ذہنی صحت کا ہونا بہت ضروری ہے۔ذہنی صحت کا تعلق کسی بھی انسان کے ذہنی اور جذباتی رویے سے ہوتا ہے۔ذہنی صحت میں دیکھا جاتا ہے کہ کوئی بھی انسان اپنی زندگی کے مختلف حالات کو کس طرح دیکھتا ہے اور اس پر ردعمل دیتا ہے۔اگر کسی انسان کو کوئی بڑا ذہنی مسئلہ نہ ہو تو ہم یہ نہیں کہہ سکتے یہ مکمل طور پر صحت مند ہے بلکہ اپنی زندگی میں مختلف مسائل کی صورت میں اس انسان کا رویہ اس کی ذہنی صحت کا تعین کرتا ہے۔کچھ لوگ ان مسائل کا سامنا بہادری سے کرتے ہیں جبکہ کچھ مقابلہ نہیں کر پاتے اور اپنے آپ کو زندگی سے دور کر لیتے ہیں۔ہر گزرتے دن کے ساتھ ذہنی صحت کی اہمیت بڑھتی جا رہی ہے۔یہاں کچھ طریقہ کار پیش کیے جا رہے ہیں جن کے ذریعے آپ اپنی ذہنی صحت کو بہتر بنا سکتے ہیں۔
مسئلے کے بارے میں بات کریں
اپنے احساسات کو بیان کرنے میں کوئی بُرائی نہیں۔اپنے مسئلے کے بارے میں اپنے کسی قریبی یا دوست سے بات کریں جو کھلے دل کے ساتھ نہ صرف آپ کی بات سنے بلکہ اس کا حل نکالنے کی بھی کوشش کرے۔
کسی ماہر کی مدد لینا
کسی بھی ماہر نفسیات سے مدد لینے میں کوئی بُرائی نہیں ہونی چاہیے۔ہمارے معاشرے میں عام لوگ ذہنی مسئلے کو ایک بُرائی تصور کرتے ہیں جبکہ ماہر نفسیات اپنے علم کی روشنی میں بہترین مشورہ دے گا۔
اپنے لیے وقت نکالیں
اگر آپ زندگی میں اچھا محسوس نہیں کر رہے،آپ کو اپنا وجود بیکار محسوس ہو رہا ہو تو اپنی سوچ کو بدلنے کی کوشش کریں۔زند گی میں کچھ دیر کے لیے رُکیں اور اپنے حالات کا جائزہ لیں۔اگر کچھ اچھا کرنے کا ارادہ ہو تورُک جانے میں کوئی بُرائی نہیں ہے۔
منفی رویوں سے بچیں
بہتر ذہنی صحت کے لیے منفی رویوں اور ماحول سے بچیں۔اگر کسی شخص کی موجودگی آپ کی خوشی اور ذہنی سکون کو برباد کرتی ہے تو اس سے بچنے کی پوری کوشش کریں۔ایک منفی سوچ کا حامل شخص اور اس کا ساتھ دوسرے لوگوں کے لیے منفی ماحول ہی بناتی ہے اس لیے ان سے جتنا بچیں آپ کے لیے اتنا ہی بہتر ہے۔
سوشل میڈیا کا بے جا استعمال
سوشل میڈیا کا بے جا استعمال آپکو حقیقی دنیا سے دور کر دیتا ہے۔اس دنیا سے بہت زیادہ جُڑے افراد اپنے ذہنوں میں ایسی خواہشات کو جنم دیتے ہیں جن کا حقیقی دنیا سے دور کابھی تعلق نہیں ہوتا۔ان خواہشات کی تکمیل نہ ہونے پر ہم غم و غصے کا شکار ہو جاتے ہیں جبکہ ماہرین کا مشورہ ہے کہ آپ جو بھی ہیں اور جیسے بھی ہیں اس میں خوش رہنا سیکھیں۔
عمّارہ خان ایم فل ماس کمیونیکیشن کی طالبہ ہیں اور تقریباْ بارہ سال سے لکھنے کے کام سے منسلک ہیں۔“دل کا رشتہ“ایپ پر بھی خاندان اور شادی سے جڑے موضوعات پر لکھتی ہیں۔