گزشتہ کچھ عشروں سے ڈاؤن سنڈروم کے ساتھ پیدا ہونے والے بچوں کی تعداد میں بے حد اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔پہلے اس کی شرح دس ہزار میں ایک تھی جبکہ اب سات سو میں ایک کی شرح ہے۔میڈیکل سائنس کی ترقی کے ساتھ اس مسئلے کی وجوہات اور نتائج ڈھونڈنے میں ریسرچر دن رات ایک کر رہے ہیں۔شیر خوار بچوں میں ڈاؤن سنڈروم کے بڑھتے کیسز ہمیں اس کی وجو ہات اور اس سے بچاؤ کے بارے میں جاننے کے لیے اکساتے ہیں۔آئیے معلوم کرتے ہیں کہ آخریہ مسئلہ ہے کیا،اس کی کیا وجو ہات ہیں اور اس کو کم کس طرح کیا جا سکتا ہے۔
ڈاؤن سنڈروم کیا ہے؟
ڈاؤن سنڈروم کی کئی وجو ہات ہیں لیکن ایک اہم وجہ ٹریسومی 21ہے۔جب ایک انسا نی کرو مو سوم 21کی دو کا پیوں کے بجائے 3کاپیاں ہوں تو یہ ڈاؤن سنڈروم کی وجہ بنتا ہے۔ڈاؤن سنڈروم کی تشخیص جینیاتی ٹیسٹ یا پیدائش کے بعد جسمانی خصو صیات کی ذریعے کی جا سکتی ہے۔ڈاؤن سنڈروم کی سب سے عام نشانی ذہنی معذوری ہے لیکن اس کے ساتھ جسمانی مسائل بھی ہو سکتے ہیں جیسے دل کے نقائص،بہرا پن، بینائی کا مسئلہ اور معدے کے مسائل بھی ہو سکتے ہیں۔
:علامات اور وجو ہات
ڈاؤن سنڈروم کی تین اقسام ہیں اور ہر قسم کی اپنی علامات ہیں۔سب سے عام قسم ٹریسومی 21ہے۔اس قسم کی علامات میں پٹھوں کی کمزوری،چھوٹا قد اور چڑھی ہوئی آنکھیں،ذہنی معذوری اور بڑھو تری میں کمی وغیرہ شامل ہیں۔
مو سائک ڈاؤن سنڈروم خلیات کی تقسیم کے دوران ایک بے تر تیبی ہے۔اس بے تر تیبی کی وجہ سے کچھ خلیات کے
کروموسوم21کی دو کاپیاں اور کچھ خلیات میں تین کا پیاں بن جاتی ہیں۔ڈاؤن سنڈروم کی یہ قسم اتنی عام نہیں ہے اور اس کی علامات ٹریسومی سے کافی کم ہوتی ہیں۔
ڈاؤن سنڈروم کی تیسری قسم ٹرانسلوکیشن ہے۔اس کی وجہ عام طور پر کرو مو سوم 21ہے جب خلیات کی تقسیم کے دوران وہ کسی دسرے کرومو سوم سے مل جاتا ہے۔ڈاؤن سنڈروم کی یہ قسم ایک نسل سے دوسری نسل کو بھی منتقل ہو جاتی ہے اور اس کی علامات اتنی شدید نہیں ہو تیں جتنی ٹریسومی21کی ہوتی ہیں۔
:ڈاؤن سنڈروم اور منگول
کچھ وجوہات کی بناء پرڈاؤن سنڈروم کا شکار بچوں کو منگولوں سے ملایا جاتا ہے۔اس کی ایک وجہ یہ بتائی جاتی ہے کہ اٹھارہویں صدی میں ایک معالج نے یہ غور کیا کہ اس کے کئی مریضوں کی جسمانی ساخت منگولوں کی طرح ہے اور اسی وجہ سے ڈاؤن سنڈروم سے گزرنے والے بچوں کو منگول کہا جانے لگا۔ایک اور وجہ یہ بھی ہے کہ منگول قوم میں ڈاؤن سنڈروم زیادہ پایا جاتا ہے۔بعد میں وہ ذہنی مریض جن میں ڈاؤن سنڈروم نہیں ہوتا تھا ان کو بھی منگول کہا جانے لگا۔
پاکستان میں ڈاؤن سنڈروم کے بارے میں خاص اعدادو شمار نہیں پائے جاتے۔غیر مصدقہ ذرائع کے مطابق پاکستان میں ڈاؤن سنڈروم دوسرے ممالک کی نسبتاً کم پایا جاتا ہے۔بہت سے ایسے متحرکات ہیں جو ملک میں ڈاؤن سنڈروم میں اضافے کا باعث بن سکتے ہیں۔سب سے اہم وجہ ماؤں کا عمر رسیدہ ہونا ہے جو کہ اس مسئلے کی سب سے اہم وجہ ہے۔ڈاؤن سنڈروم کی تشخیصی سہولیات کو اگر بڑھا دیا جائے تو ڈاؤن سنڈروم کے زیادہ کیسز سامنے آنا شروع ہو جائیں گے۔ایک اور وجہ ماحولیاتی اثرات بھی ہے جس کے اثرات آنے والی نسل پر پڑتے ہیں۔بے حد ضروری ہے کہ لوگوں میں ڈاؤن سنڈروم کے بارے میں معلومات فراہم کی جائیں تاکہ وہ تمام مسائل کو سمجھ سکیں اور اس طرح ڈاؤن سنڈروم کی شرح کو کم کیا جا سکتا ہے۔
عمّارہ خان ایم فل ماس کمیونیکیشن کی طالبہ ہیں اور تقریباْ بارہ سال سے لکھنے کے کام سے منسلک ہیں۔“دل کا رشتہ“ایپ پر بھی خاندان اور شادی سے جڑے موضوعات پر لکھتی ہیں۔